جمعه 16 نومبر 2018ء
جمعه 16 نومبر 2018ء

روزنامہ ”دھرتی “ کی سفر کہانی۔۔۔۔عابد صدیق چیف ایڈیٹر

وقت کی رفتار اور چلنے کا ایک ہی طریقہ کار ہے ،دن اور رات بھی ایک ہی جیسے ہوتے ہیں بس موسمیاتی تبدیلیاں ان کے مزاج بدل دیتی ہیں یا پھر نماز کے اوقات بدل پاتے ہیں ،سب شامیں بھی سب ایک جیسی ہوتی ہیں لیکن بعض شامیںکسی خاص وجہ سے یاد گار بن جاتی ہیں۔ ان ہی شاموں میں سے ہی ایک شام کی یادیں آج تک بھول نہ پائیں جس شام چند دوستوں سے مشاورت کے بعد روز نامہ” دھرتی “کے اجراءکا حتمی فیصلہ کیا گیا اوراس کی اشاعت کی تاریخ 24 اکتوبر 2010مقرر کی گئی۔کسی ایسے” بنجر“ شہر سے ”روزنامہ“ کا اجراءکرنا جہاں بے شمار مسائل ہوں ،مارکیٹ چھوٹی ہو،وسائل بھی کم ہوں انتہائی مشکل کام ہے لیکن مضبوط ارادے مشکلیں آسان تو کر دیتے ہیں البتہ ختم نہیں کر سکتے۔ اخبار کی اشاعت کے لیے ایک اچھی ٹیم کا ہونا ضروری ہے ۔ہمارے پاس ٹیم کہاں سے آتی ،جس شہر سے کبھی اخبار نکلا ہی نہ ہو وہاں اخبار کی پیچیدگیوں کو سمجھنے والے کہاں سے آئیں گے۔ ہم نے کوشش کی کہ ایک اچھی ٹیم کے ساتھ میدان میں آئیں تو کچھ دیرنہ ساتھیوں کے تعاون سے پیشہ ورانہ ٹیم میسر آسکی۔ٹیم ممبران میں کئی ایسے تھے جو اس شعبہ میں پہلے کام کر چکے تھے اور کچھ بعض سچے جذبے سے کرنا چاہتے تھے ۔یوں اکتوبر 2010 کے اوائل میں شہر سے منسلک ہاوسنگ اسکیم میں کرائے کی ایک عمارت لی اور کچھ” مخیر “حضرات کے تعاون سے کمپیوٹر اور فرنیچر خرید لیا ۔آفس تو سیٹ ہو گیا لیکن اگلہ مرحلہ اخبار کی تیاری،اس کی پرنٹنگ ،سرکولیشن اور مارکٹنگ تھی۔سب سے زیادہ مسائل آئی ٹی کے شعبہ کے تھے کیونکہ ہمارے پاس اس شعبہ میں جو لوگ تھے وہ ماہر تو تھے،جذبہ بھی تھا لیکن اخبار کی صنعت سے ناآشناءتھے۔ان میں امجد حسین امجد،طلعت حنیف ،کامران اور پھر رضوان عارف قابل ذکر ہیں۔نیوز کا شعبہ قدرے بہتر تھا۔میں بذات خود اور میرے بعض ساتھی مختلف اخبارات میں شعبہ نیوز میں کام کر چکے تھے یوں کچھ اتا پتا تھا لیکن اصل مسلہ آئی ٹی کا ہی تھا۔آی ٹی کے شعبہ سے سب سے کم وقت میں کسی نے حوصلہ ہارا تو وہ طلعت حنیف تھے ۔طلعت نے کام شروع کرنے کے دو دن کے بعد ہی” کورا “جواب دے دیا کہ یہ کام میرے بس کا نہیں اور واقعی ان حالات میں کہ جب ہمیں پتہ ہی نہ ہو کہ اخبار تیار کیسے ہو گا ،کون سا سافٹ وئیر استعمال ہو گا ،ایک مشکل کام تھا۔کامران نے تو یہ انکشاف کر کے خود ہمیں بھی حیران کر دیا کہ ” میں نے زندگی میں کبھی کوئی اخبار پڑھا ہی نہیں“نہ یہ پتہ ہے کہ اخبار ہوتا کیا ہے ،کتنے صفحے ہوتے ہیں لیکن ایک بات حوصلے والی کی کہ ”ہم نکال لیں گے جائیں گے تو سب ہی جائیں گے“۔اور رضوان تھا کہ سادہ طبعیت اور لمبا قد،وہ بہت عرصے تک خبروں کی ترسیل کرنے والی معروف نیو ز ایجنسی” ثنائ“ کے بارے میں یہ سمجھتا رہا کہ یہ کوئی خاتون ہے جواسلام آباد سے ہمارے لیے خبریں تیار کر کے بھجتی ہے اور اس کے بارے میں فکر مند بھی تھا کہ وہ کتنا کام کرتی ہے لیکن آفس نہیں آتی۔نیوز کا شعبہ اعجاز قمر کے حوالے کیا گیا جو پہلے بھی اس شعبہ میں کام کر چکے تھے۔ان سے میری شناسائی کوئی 1996 کے عشرے سے تھی مجھے ان کی صلاحیتوں کا کوئی خاص اندازہ نہ تھا لیکن اتناپتہ تھا کہ وہ جو بھی کام کرتے ہیں مہارت سے کرتے ہیں اور ان کی زندگی میں ٹھہراﺅ ہے جو میری زندگی میں نہیں تھا۔یہ فیصلہ بہت درست ثابت ہوا کہ وہ آج تک دھرتی کی ٹیم کا حصہ ہیں اور بلا شعبہ اخبار کو اس مقام تک پہنچانے میں ان کا بڑا کردار رہا۔اب مارکیٹنگ کا مرحلہ تھا اس کے لیے سہیل خان کا انتخاب کیا گیا ۔وہ پہلے درس و تدریس سے وابستہ رہے ۔مارکٹنگ کا انہیں کو ئی خاص تجربہ نہ تھا لیکن اس شعبہ میں کام کرنے والوں کی جو خوبیاں ہوتی ہیں وہ ان میں قدرے پائی جاتی تھیں۔ان ہی خوبیوں کے باعث وہ بھی آج تک ہماری ٹیم کا حصہ ہیں ۔کچھ عرصہ پہلے ان کے ساتھ ایک حادثہ پیش آیا لیکن اب وہ صحت یاب ہیں اور اب دوبارہ اپنے کام میں مگن ہیں ۔انہوں نے بھی دھرتی کو اس مقام تک پہنچانے میں بڑا کردار ادا کیا۔جب کوشش کے باوجود اخبار کی تیاری میں مشکلات نے کم ہونے کا نام نہ لیا تو ہم نے آئی ٹی کے اسٹاف ممبران میں سے بعض کو دیگر اخبارات کے دفاتر میں بھیجا تا کہ بنیادی تربیت حاصل کر سکیں ۔یوں آٹھ سال پہلے چوبیس اکتوبر کو روز نامہ دھرتی کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ ابتداءکے ایک مہینے تک تو سارا سٹاف اٹھارہ گھنٹے کام کرتا تھا تب اخبار تیار ہوتا تھا لیکن بتدریج کام سیکھتے گئے اور بہتری آتی گئی ۔بعد میں ہماری ٹیم میں اور لوگ بھی شامل ہوگئے ،جن میںشاہ زیب علی،حارث قدیر ،سردار منظور ،ساجد انور قریشی، انیق احمد، اسراراعظم، خرم خالق، شفقت اسلم،محمداخلاق،محمد مشتاق، امجد علی چوہدری،احسان الحق ،عمر خیام شامل ہیں ۔کچھ چھوڑ کر چلے گئے کچھ ابھی تک ہمارے ساتھ ہیں لیکن کام رکا نہیں بلکہ مزید بہتری آتی گئی۔ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں چھوڑ کر جانے والے بہتر رزق کی تلاش اور زندگی میں آگے بڑھنے کی لگن لیکر گئے ، رضوان عارف اور طلعت حنیف آئی ٹی کے شعبہ میں ہی سعودی عرب چلے گے۔طلعت حنیف کا دل وہاں بھی نہ لگا اور واپس آگے، سردار منظور صدارتی سیکرٹریٹ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں ، محمد کامران آئی ٹی سے متعلقہ ہی اپنا کاروبار کر رہے ہیں جو کہ اس کی دیرینہ خواہش تھی ، ساجد انور قریشی جو کہ اس وقت سی اے کے طالب علم تھے آجکل ایک قومی سطح کی آڈٹ کمپنی کے ساتھ منسلک ہیں ، حارث قدیر ایک لمبے عرصہ تک شعبہ آئی ٹی کے انچارج بھی رہے اور بطور سب ایڈیٹر کام کیا پھر ”روزنامہ مجادلہ“ کے نام سے اپنا اخبار شائع کیاجس کے وہ چیف ایڈیٹرتھے ،جو بوجوہ اب نہیں نکل رہا ۔ امجد حسین امجد ہمارے پہلے دن کے ساتھی تھے اور وہ ہماری ہی خواہش پر راولپنڈی سے اپنا کاروبار ترک کرکے راولاکوٹ آئے ، ہمارے ساتھ زیادہ عرصہ آئی ٹی کے شعبہ میں وابستہ تو نہ رہے لیکن بطور نمائندہ خصوصی طویل عرصہ تک بہتر طریقہ سے اپنے فرائض انجام دیتے رہے ۔ اسرار اعظم نے بطور اکاﺅنٹینٹ ہمیں جوائن کیا وہ آج کل اپنا کاروبار کرتے ہیں، انیق احمد بھی بطور اکاﺅنٹینٹ کچھ عرصہ ہمارے ساتھ رہے اور آج کل جامعہ پونچھ میں بطور اسسٹنٹ اسٹیٹ آفیسر تعینات ہیں ۔ امجد حسین چوہدری بھی اب ہمارے ساتھ نہیں رہے لیکن ایک عرصے تک ہمارے ساتھ کام کیا ۔یوں ہمارے ادارے سے وابستہ رہنے والے سبھی ہی سٹاف ممبران زیادہ کامیاب و کامران ہیں جس سے ہمیں فخریہ یہ کہنا پڑتا ہے کہ” دھرتی “ایک اخبار ہی نہیں اکیڈمی ثابت ہوا جس نے بے شمار لوگوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا ۔  8 سال اخبار کی صنعت میں کوئی زیادہ عرصہ نہیں ہوتا لیکن ان8 سالوں میں روز مہ”دھرتی “نے جومقام پایا وہ بہت کم اخبارات کو حاصل ہوا۔سرکولیشن میں اضافہ ہوا،اخبار کا معیار پسند کیا گیا اور خبروں ،تحقیقاتی رپورٹس،فیچر،تجزیے اور مضامین میں بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے۔ہم نے شروع سے جو پالیسی اپنائی اس پر قائم رہے اور سرخرو بھی ہوئے ۔اس میں شک نہیں کہ یہ سب کچھ ایک ٹیم ورک کی صورت میں ہی میسر آسکا۔بطور خاص ادارہ ان کالم نگاروں کا شکر گذار ہے جن کے کالموں کی تواتر کے ساتھ اشاعت نے اخبار کے معیار کو بلند کیا۔جن میں خاص طور پر معروف کام نگار و ادیب ارشاد محمود،سردار کبیر خان( ابوظہبی)،افتخار گیلانی( نیودہلی)، شجاعت بخاری (مرحوم)( سری نگر )،جسٹس (ر)منظورحسین گیلانی،سردار بشیر سدوزئی (کراچی)،سردار نذر محمد خان ،ڈاکٹر محمدصغیر خان،بیرسٹر حمید بھاشانی( کنیڈا)،سردارعبدالخالق وصی ایڈووکیٹ،قمر رحیم ( ابوظہبی)، ڈاکٹروقاص کوثر،سردار حیات خان (ایڈووکیٹ )سردار پرویز (ناوے)حبیب حسین شاہ ایڈووکیٹ ،راحت فاروق ایڈووکیٹ، سید اسد ہمدانی ، حاجی زاہد حسین، عبدالخالق وصی،راجہ افضل کیانی (ایڈووکیٹ)، خواجہ شریف ،شامل ہیں ،ادارہ ان کا شکرگزار ہے کہ انہوں نے تواتر کے ساتھ ”دھرتی“ کے لیے کالم لکھے جنہیں قارئین نے بے پناہ پسند کیا۔مجموعی طور پر پوری ٹیم نے دن رات محنت کر کے جو پودہ لگایا تھا وہ آج 8 سال کا ہو چکا ہے۔اب یقینا یہ پودہ پھل بھی دے گا ۔قارئین!ہماری پہلے دن سے جو پالیسی چلی آرہی ہے اس پر آج بھی قائم ہیں،کسی دباﺅ میں آئے بغیر خبروں کی اشاعت،غیر جانبدارانہ رپورٹنگ ،اداروں میںکرپشن کی نشاندہی،اور عوامی مسائل کو ایوان اقتدار تک پہنچانے کی پو ری کوشش کی گئی لیکن اس کے لیے آپ قارئین کے تعاون کی ابھی بھی اشد ضرورت ہے تا کہ نہ صرف اس پالیسی پر عمل پیرا ہوا جا سکے بلکہ مزید بہتری بھی لائی جا سکے۔ہم نے اس شہر بے آواز سے پہلا اخبار شائع کر کے ایک شمع روشن کر دی ہے اور اس روشن شمع کی نہ بجھتی آگ نے مزید روشنی پھیلائی ،یہی وجہ ہے کہ2010 میں پورے ڈویژن میں ایک ”دھرتی“ ہی شائع ہوتا تھا آ ج چھ مزید اخبارات شائع ہوتے ہیں۔مقابلے کی فضاءپیدا ہونے سے معیار بھی بلند ہو رہا ہے اور روز گار کے مواقع بھی میسر آرہے ہیں ۔ 8 سال پورے ہونے کے اس تاریخی موقع پر ”دھرتی“ کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ کاغذ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں ،ٹیکسیز میں اضافہ اور بے پناہ مسائل کے باعث روزنامہ دھرتی کی قیمت میں اضافہ کیا جائے ،لیکن ابھی بھی چائے کی پیالی کے برابر بھی قیمت نہیں پہنچی ہے اور اب یکم نومبر سے روزنامہ دھرتی کی قیمت دس روپے کی بجائے پندرہ روپے ہو گی ۔امید ہے کہ قارئین بھر پور تعاون کریں گے تا کہ یہ سلسلہ چلتا رہے اور غریب کی آواز ایوان اقتدار تک پہنچتی رہے۔ روزنامہ دھرتی کو پڑھنے والوں کی بڑی تعداد بیرون ملک مقیم ہے جو آن لائن اخبار پڑھتی ہے ۔ اخبار کی ویب سائٹ کو بھی جدید طرز پر ڈیزائن کروایا گیا ہے ۔جلد ہی ویب ٹی وی کی بھی شروعات کی جائیں گی ۔ا دارہ ”دھرتی “بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے تعاون کا بھی شکر گذار ہے ،یقیناان کے تعاون کے بغیر آگے بڑھنا مشکل کام تھااور یہ انہی کے تعاون کا نتیجہ ہے کہ ریاستی اخبارات میں روزنامہ دھرتی واحد اخبار ہے جس کی حالیہ آن لائن ریڈر شپ دیگر اخبارات سے کہیں زیادہ ہے، ساﺅتھ ایشیاءکے کئی تحقیقاتی ادارے اپنی تحقیقاتی رپورٹس مرتب کرتے وقت روزنامہ دھرتی سے مستفید ہوتے ہیں جبکہ آن لائن انٹرن شپ بھی کروائی جاتی ہے ،ادارہ ان تمام سرکاری اور نیم سرکاری ادارہ جات،کمرشل ادارہ جات اور سیاسی و سماجی تنظیمات اور تاجر حضرات کا شکر گذار ہے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں دھرتی کے ساتھ تعاون کیا جس کی وجہ سے دھرتی ایک تن آور درخت بنا۔ہمارے حوصلے سازشوں کے باوجود بلند ہیں اور ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ روز نامہ دھرتی بہت جلد ریاست کشمیر کا ایک بڑا اخباربن کر ابھرے گا۔