هفته 24 فروری 2018ء
هفته 24 فروری 2018ء

چیف الیکشن کمشنر ہماری مشاورت کے بغیر تبدیل نہیں ہو سکتا،پی پی پی آزادکشمیر

مظفر آباد (دھرتی نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر موجودہ چیف الیکشن کمشنر کو تبدیل کر کے نئے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اگر یہ بات درست ہے تو ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کی تبدیلی یکطرفہ طور پر نہیں کر سکتی ہے اس سلسلے میں اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کرنا حکومت کی آئینہ ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق حکومت آزادکشمیر کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں چند ماہ رہ گئے ہیں اور اگر ان انتخابات سے قبل چیف الیکشن کمشنر کی تبدیلی ناگزیر ہے تو حکومت آزادکشمیر کے نزدیک چیف الیکشن کمشنر کے لئے جو بھی اہل اور غیر متنازعہ اچھے نام ہیں وہ بتائے جائیں تاکہ اپوزیشن مشاورت میں ان پر بھی غور کر کے اپنی رائے دے سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تاحال حکمرانوں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تبدیلی کے حوالے سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ حکومتی ذرائع سے یہ چہ میگوئیاں منظر پر آ گئی ہیں کہ اگلے چند دنوں میں آزادکشمیر میں نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری عملی میں لائی جا رہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف الیکشن کی تقرری میں اپوزیشن کی مشاورت کے آئینی اور قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔