اتوار 27 مئی 2018ء
اتوار 27 مئی 2018ء

متاثرین کنٹرول لائن کیلئے امدادی پیکیج بڑھانے کی سفارشات

مظفرآباد ( نمائندہ دھرتی ) بھارتی قابض افواج کی جانب سے سیز فائر لائن پر سول آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافے کے بعد متاثرین کے لئے امدادی پیکج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،کابینہ کی سب کمیٹی نے دس نکاتی سفارشات منظوری کے لئے کابینہ کو ارسال کر دی ہیں ، کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز وزیرمواصلات و ورکس چوہدری محمد عزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں جملہ متعلقین نے شرکت کی ، اجلاس میں متاثرین بھارتی فائرنگ کے لئے آمدادی پیکج کو حتمی شکل دے دی گئی اور دس نکاتی سفارشات کی منظوری کے لئے حکومت کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، کابینہ کا اجلاس آئندہ ہفتے منعقد ہوگا ، تیار شدہ سفارشات میں متاثرین کے لئے معاوضہ جا ت میں پنجاب طرز پر اضافہ ، زخمیوں کی درجہ بندی ، سیئز فائرلائن کے قرب و جوار کے فرسٹ ایڈپوسٹوں کا قیام، متاثرہ علاقوں میں ایمبو لینسوںکی ہمہ وقت دستیابی ، زخمیوں کے لئے خون کی موقع پر فراہمی ، قریب ترین تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں آپریشن کی سہولت اور متعلقہ عملہ کی دستیابی ، انڈین فائرنگ سے متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر ، لائن آف کنٹرول کو مکانات کی تعمیر کے لئے درکار لکڑی کی فراہمی کے لئے عائد شدہ پابندی سے استثنی ٰ، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی 100 فیصد تنصیب ، بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے نماز جنازہ میں سرکاری حکام کی شرکت ، سیز فائر لائن پر واقع علاقوں میں ٹھیکری پہرا کا قیام اور مفت اسلحہ لائسنس کی فراہمی کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر واقع تمام آبادی ہمہ وقت پاکستان کے جھنڈے لہرائے گی ۔اجلاس کے اختتام پر بات چیت کے دوران چیئرمین سب کمیٹی چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ کابینہ سب کمیٹی نے مختصر وقت میں دستیاب وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے سیز فائرلائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے متاثرین کے لئے جامع پیکج تیار کیا ہے اس سلسلہ میں متعلقہ محکموں نے انتہائی جانفشانی کے ساتھ قومی ذمہ داریوں کو نبھانے کی کوشش کی ہے ،تیار کی گئی سفارشات کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کی جائیں گی ، کابینہ کا اجلاس آئندہ ہفتہ متوقع ہے کابینہ کی منظوری کے بعد تمام سفارشات پر فوری طور پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز، اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرزسفارشات پر عملدرآمد کے پابند ہونگے ۔چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت متاثرین سیز فائر لائن کے تمام مسائل اور مشکلات سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے وزیراعظم راجا محمد فاروق حیدر خان دن رات متاثرین کی امداد کے لئے سرگرم عمل ہیں انتظامی مشینری کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ متاثرین کی فوری آمداد کے لئے ہمہ وقت موجود رہے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی اور سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔