بدھ 20 جون 2018ء
بدھ 20 جون 2018ء

بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے سرمایہ کاری بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(دھرتی نیوز)آزادکشمیر میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی ،ذرائع روزگار میں اضافے کے لیے سرمایہ کاری بورڈ کے قیام کے لیے تمام تر لوازمات مکمل کر لیے گئے ہیں ،وزیراعظم آزادکشمیر بورڈ کے صدر جبکہ وزیر صنعت و حرفت نائب صدر ہونگی ۔چیئرمین سمیت چھ ممبران کو صدر نامزد کریگا ،بورڈ آزادکشمیر میں تارکین وطن کی سرمایہ کاری ،چھوٹی موٹی صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھاے گا ۔بورڈ کا ایک باقاعدہ سیکرٹریٹ قائم کیا جائیگا اس بات کا فیصلہ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میںوزیر صنعت و حرفت محترمہ نورین عارف ،سیکرٹری صنعت و حرفت طارق بشیر و دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ان سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے کل وقتی حکمت عملی اپنائی جاے ۔آزادکشمیر کے اندر پڑھے لکھے باصلاحیت نوجوانوں کی تعداد انتہائی زیادہ ہے اس کے ساتھ ساتھ ان کی ترقی کے لیے مواقع اتنے زیادہ نہیں انہیں ہنرمندی کی تعلیم دی جاے تاکہ وہ آنے والے ان مواقعوں سے بھرپور طریقے سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ قیمتی پتھروں کی نکاسی اور ان کی حفاظت کے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور ان کی مارکیٹنگ اور تراش خراش کے لیے جدید تکنیک اپنائی جاے تاکہ آمد ن میں اضافہ ہو آزادکشمیر کی سرزمین میں دنیا کی قیمتی ترین معدنیا ت پائی جاتی ہیں جو یہاں کے عوام کی ملکیت ہیں ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ان کے درست تصرف سے عوام کو سہولیات ،روزگار و دیگر سہولیات فراہم کریں ۔ وزیراعظم کو میرپور صنعتی زون کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ جلد میرپور میں واقع اس زون کے لیے مجوزہ جگہ کا دورہ کرینگے ۔