بدھ 26  ستمبر 2018ء
بدھ 26  ستمبر 2018ء

کابینہ میں توسیع،8 نئے وزراءحلف اٹھائیں گے

  مظفرآباد ( دھرتی نیوز ) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وفاق کی اجازت اور کابینہ کی مشاورت کے بعد 8نئے وزراءاور ایک مشیر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 8 نئے وزراءآج ہفتے کو ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں حلف لیں گے ۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان ان وزراءکرام سے حلف لیں گے۔ 8نئے وزراءکے حلف اٹھانے کے بعد کابینہ کے مجموعی وزراءکی تعداد 20ہو جائے گی ، جن ممبران اسمبلی کو اب وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں پونچھ ڈویژن سے چوہدری یاسین گلشن ، میرپور ڈویژن سے راجہ نصیر اور مسعود خالد ، مظفرآباد ڈویژن سے راجہ عبدالقیوم ، جبکہ مہاجرین جموں و کشمیر سے احمد رضا قادری ، حاجی جاوید اختر ، چوہدری اسحاق اور راجہ صدیق شامل ہیں ، مظفرآباد سے چوہدری شہزاد کو مشیر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا گیا جن کا حلف بعد میں ہو گا ، آزادکشمیر کابینہ میں توسیع موجودہ حکومت کے قیام سے تقریباً ڈیڑھ سال بعد کی گئی ، دو ماہ قبل سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ بعض ممبران اسمبلی وزیر نہ بنائے جانے پر نالاں ہیں اور موجودہ حکومت میں شامل اسپیکر اسمبلی اور بعض وزراءکرام کی انہیں حمایت حاصل ہے کہ وہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کریں ، پیپلزپارٹی کے ممبران اسمبلی بھی اس تحریک کے حمایتی تھے ، اس دوران وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے نواز شریف سمیت وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقاتیں کیں اور پھر کابینہ کی مشاورت کے بعد وزراءکی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ، حکومت کے اس فیصلے سے وقتی طور پر عدم اعتماد کی قرار داد موخر کر دی گئی لیکن اس کے اثرات مستقبل میں بھی سامنے آ سکتے ہیں ، ادھر ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور تقریب میں شرکت کیلئے مہمانوں کو کارڈ بھی جاری کیے گئے ہیں ۔ مہاجرین کے حلقوں سے منتخب ممبران اسمبلی حاجی جاوید اختر اور راجہ صدیق کو جمعہ کی رات گے تک حلف کی تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں ملی تھی۔