بدھ 26  ستمبر 2018ء
بدھ 26  ستمبر 2018ء

کشمیر سپر لیگ کی افتتاحی تقریب ، صدر ریاست سمیت دیگر حکام ، قومی کھلاڑیوں کی شرکت

مظفرآباد(دھرتی نیوز)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں میں اچھا کھیلنے کی صلاحیت موجود ہے۔صدر آزادجموں و کشمیر نے ان خیالات کا اظہار مظفرآباد میں کشمیر سپر لیگ (KSL)کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کیا ۔صدر نے اس موقع پر کشمیر سپر لیگ کی ٹیم کو آزادکشمیر میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سپر لیگ اس علاقے کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے میں معاون ثابت ہو گی۔ صدر مسعود خان نے کہاکہ آج جشن کا دن ہے کیونکہ آج KSLکا آغاز ہو رہا ہے اسے آزادکشمیر کو پاکستان کے مرکزی دھارے کے اندر لانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں کو لازمی حوصلہ افزائی ملے گی اور پاکستان بھر میں کھلاڑیوں کے سلیکٹرز کو ہمارے مقامی ہونہار کھلاڑیوں کے انتخاب کے مواقع ملیں گے ۔صدر آزادجموں وکشمیر نے کہا ہے کہ وزیر سپورٹس آزاد کشمیر چوہدری محمد سعید نے آزادجموں و کشمیر میں کھیلوں کے فروغ دینے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا وزیر موصوف نے آزادکشمیر میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں پاکستان میں دیگر کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ تعلقات قائم کئے ہیں تاکہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کوکھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتں اجاگر کرنے کے مواقع مل سکیں۔صدر نے کہا کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں میں اچھا کھیلنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے انہوں نے مزید کہا کہ مناسب تربیت اور کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جانے سے نوجوانوں کے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے جس طرح کہ راولاکوٹ کے سلمان ارشاد کو لاہو رقلندر کی جانب سے کھیلنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے اور اس علاقے سے تربیت کے ساتھ PSLکے لئے ہم سینکڑوں سلمان ارشاد پیدا کر سکتے ہیں ۔ہمارے نوجوانوں میں کرکٹ کھیلنے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت نمایاں کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ذہنی نشوونما میںاہم کردار ادا کرتا ہے اور کھیل نوجوانوں کو منفی اور غیر صحتمندانہ سرگرمیوں سے بھی بچاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے نوجوانوں میں ٹیم ورک ، اعتماد ، نظم و ضبط اور وقت کی پابندی جیسے مثبت اوصاف پیدا ہوتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب ملکوں نے کھیلوں کے میدان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے اور ہم بھی آزادکشمیر میں اسی طرح کے اقدامات اُٹھائیں گے۔صدر سردار مسعود خان نے آزادجموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دی اور سرینگر فائیٹرز کے نام پر ایک ٹیم تشکیل دینے پر منتظمین کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ KSLایک اہم  پیش رفت ہے ۔ جس سے آزادکشمیر کی آمدنی میں اضافہ ہو گا ، یہ سیاحوں کے لئے کشش کا باعث ہو گی۔ہوٹلز، ریسٹورنٹس ، اشتہارات ، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا اور مقامی صنعتوں کے لئے بھی سود مند ہو گی ۔صدر آزادجموں و کشمیر نے KSLکے آغاز کو سراہا اور کہا کہ اس لیگ سے آزاد کشمیر کے عوام کی آزادی اور ہمارے اتحاد کا مثبت پیغام بھارت کو جائے گا۔