بدھ 24 اکتوبر 2018ء
بدھ 24 اکتوبر 2018ء

نواز شریف کے جاتے ہی ملکی ترقی رک گئی،وزیراعظم

مظفرآباد( پی آئی ڈی )وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے آزاد خطہ کی تعمیر وترقی ، آزاد جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کو بااختیار بنانے ، حکومت آزاد کشمیر کو باوقار بنانے ، دہائیوں سے زیر التواءآئینی ، انتظامی اور مالیاتی امور کو یکسو کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ۔ لیگی حکومت کے ٹھوس اور عملی اقدامات کے سلسلہ میں آزاد کشمیر سمیت ملک کے چھوٹے اور پسماندہ یونٹس کا احساس محرومی ختم ہوااور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ نواز شریف کے وزارت عظمیٰ سے چلنے جانے کے بعد ملک ترقی اور خوشحالی کی پٹڑی سے اتر گیا اور وطن عزیز مشکلات کا شکار ہوا اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ پاکستان مشکل صورتحال سے نکل جائے ۔ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے بعد وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے میاں نواز شریف کی پالیسیاں جاری رکھیں اور آزاد کشمیر کے امور میں بھر پور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ آزاد کشمیر کے معاملات میں بھرپور دلچسپی لینے پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہرنے آزاد خطہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھر پور کر دار ادا کیا ہے اور آزاد کشمیر کے تمام معاملات میں ذاتی دلچسپی دکھائی اور پانچ سال کے دوران بھرپور کام کیا۔ بحیثیت وزیر امور کشمیر برجیس طاہر نے جو خدمات سرانجام سرانجام دیں ان پر ان کو شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیر امور کشمیر نے ہمارے ساتھ بھائیوں جیسا تعلق رکھا ان سے پیار و محبت والی لڑائیاں بھی ہوتی رہی مگرباہمی اعتماد کے رشتوں میں کمی نہیں آئی انہوں نے ہمیشہ ہمارا خیال رکھا ۔ان خیالات کا اظہار راجہ محمد فاروق حیدرخان نے وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر کے اعزاز میں دئیے گئے الوداعی افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا ۔افطار ڈنر میں صدر ریاست سردار محمد مسعود خان ، سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، کابینہ اراکین ، ممبران اسمبلی ، ممبران کشمیر کونسل ، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ، انسپکٹر جنرل پولیس ، لیگی عہدیداران و کارکنان سمیت سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بحیثیت وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ملک کے اندر تعمیر وترقی کا انقلاب لایا ۔ ملک کے اندر میگا پراجیکٹس شروع کیے ۔ بدقسمتی سے میاں محمد نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا ۔ نواز شریف کے وزارت عظمیٰ سے چلنے جانے کے بعد ملک کو شدید نقصان ہوا۔ پاکستان کے اندر الیکشن کی آمد آمد ہے اور تاریخ فیصلہ کرے گی کہ میاں محمد نواز شریف تاریخ ساز تھے یا نہیں آزاد کشمیر کے تعمیر وترقی کیلئے ستر سال تاریخ میں پہلی مرتبہ وافر مقدار میں ترقیاتی فنڈز مہیا کیے گئے ۔ 43سال کے بعد آزاد کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم 1992کے بعد وفاقی محصولات ، این ایف سی میں آزاد کشمیر کے حصہ میں اضافہ ، نیلم جہلم اور منگلا ڈیم کے واٹر یوزز چارجز اور دیگر صوبوں کے برابر کرنے پر عملی اور تاریخی پیش رفت ہوئی ۔ قومی سلامتی کمیٹی نے آزاد کشمیر کے آئینی ، مالیاتی اور انتظامی اختیارات کو بڑھانے کی باضابطہ منظوری دی راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے وزارت عظمیٰ سے چلے جانے کے بعد شاہد خاقان عباسی نے قائد پاکستان کی پالیسیوں کو جاری رکھا جس پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔