جمعه 16 نومبر 2018ء
جمعه 16 نومبر 2018ء

کشمیر کے نام منسوب بحری جہاز کی لانچنگ،صدر آزاد کشمیر کی خصوصی شرکت

کراچی (دھرتی نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آنے والے دور میں چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل پر پاکستان کے سمندری راستوں پر بڑے پیمانے پر تجارتی و اقتصادی سرگرمیاں متوقع ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (PMSA)کے زیر اہتمام پی ایم ایس ایس کشمیر کی لانچنگ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر کو پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر نے پی ایم ایس ایس کشمیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس جدید بحری جہاز کا نام پی ایم ایس ایس کشمیر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امرPMSAاور پورے پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے کی جانے والی جدوجہد کے حوالے سے ان سے اظہار یکجہتی کی علامت ہے اور یہ بات کشمیری عوام کے لئے باعث اعزاز و حوصلہ افزائی ہے۔ صدر آزادجموں وکشمیر نے کہا ہے کہ یہ جدید جہاز خطے میں امن کا علمبردار ہونے کے ساتھ ساتھ PMSAکے لئے اعزاز اور پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ کہ پی ایم ایس ایس کشمیر جدید ہتھیاروں، سمت شناسی اور مواصلاتی آلات سے لیس ہے جس سے خطے میں مختلف سکیورٹی آپریشنز کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ صدر سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی تجارت آج بھی 95فیصد سمندری راستوں سے ہو رہی ہے جبکہ پاکستان کا سمندری ایکسکلوزیو اکنامک زون (EEZ) 200ناٹیکل مائیلز سے بڑھ کر 350ناٹیکل مائیلز ہو چکا ہے۔ اسطرح پاکستان کی سمندری حدود میں کل 50ہزار مربع کلو میٹر اضافہ ہو چکا ہے۔ جس کی وجہ سے جہاں بحری تجارت میں توسیع کے متعدد مواقع میسر ہونگے وہاں اس زون کی سکیورٹی کو بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سمندری سرحدوں اور معاشی مفادات کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان میری ٹائم سکیورتی ایجنسی کے کردار کو سراہا۔ سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا سمندری ساحل 1046کلو میٹر ہے جہاں بے پناہ سمندری ذخائر موجود ہیں۔ اسطرح ان سمندری ذخائر سے پوری طرح مستفید ہونے کے لئے ہمیں اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو بڑھانا ہو گا۔ صدر نے کہا ہے کہ پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی پاکستان کی سمندری حدود کی محافظ ہے جو سمندری تجارتی راستوں کی نگرانی سرچ و ریسکیو آپریشنز کے ساتھ ساتھ قواعد و ضوابط کے نفاذ اور عملدرآمداری کو بھی یقینی بنارہیہے اور سمندری ماحول کی بھی محافظ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مظفرآباد میں نیوی ریکروٹمنٹ سنٹر کا قیام عمل میں لایا اور کشمیری نوجوانوں کوپاکستان نیوی میں بھرتی ہونے کے لئے مقامی سطح پر سہولت فراہم کی۔ صدر مسعود خان نے پی ایم ایس ایس کشمیر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ویسل کے کمانڈنگ آفیسر نے ان کو جہاز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور نصب کئے گئے ساز و سامان کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ بھی دی۔ صد ر نے پی ایم ایس ایس کشمیر کے جدید سازو سامان و آلات کے معیار کے ساتھ ساتھ ویسل کے عملے کی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ تقریب میں سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) اکرام الحق، وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت ، ڈائریکٹر جنرل پی ایم ایس اے رئیر ایڈمرل زکاءالرحمان اور اعلیٰ نیوی آفیسران نے شرکت کی۔