بدھ 24 اکتوبر 2018ء
بدھ 24 اکتوبر 2018ء

قوم پرست سیاسی رہنماءنائیلہ خانین انتقال کر گئیں،تدفین پیر کوہو گی

اسلام آباد (دھرتی نیوز)معروف کشمیری قوم پرست متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی UKPNP کی سابق مرکزی سینئیر وائس چیئرپرسن اور خان آف منگ( فاتح میرپور ) کی صاحبزادیمحترمہ نائلہ خانین طویل علالت کے بعد چل بسیں، نائلہ خانین کی وفات اسلام آبادکے نجی ہسپتال میں ہوئی جہاں دو روز قبل انھیں علاج کے لئے داخل کیا گیا تھا۔ نائلہ خانین کی وفات کی خبر سن کر انکے پارٹی کارکنان اور کشمیریوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار اور دل غمگین تھا۔مرحومہ کی نماز جنازہ کے موقع پر راولپنڈی پریس کلب لیاقت باغ میں تعزیتی ریفرنس ہوا جس سے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے سربراہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، پاکستان عوامی ورکر پارٹی کے صدر ، قوم پرست قائدین سردار انور، کمانڈر فاروق، پی این پی کے مرکزی قائدین سردار آفتاب، سید وقار کاظمی، اعجاز کشمیری، کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر عابد خورشید، اے کے این ایس کے صدر عامر محبوب، سینئیر صحافی سردار زاہد تبسم اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے نائلہ خانین کو شاندار نظریاتی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نے جن مشکل حالات میں نظریاتی سیاست کی اسکی مثال نہیں ملتی۔ آزاد کشمیر کے قبائلی معاشرے میں ریاست جموں و کشمیر کی قومی آزادی خودمختاری اور غیر طبقاتی سماج کے قیام کے لئے نائلہ خانین کی بڑی توانا آواز تھی۔ مرحومہ کی نظریاتی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نائلہ خانین نے عورت ہوتے ہوئے مرد کے اس سماج میں جس بہادری اور بے باکی سے قومی سیاست اور خواتین کے حقوق کے لئے جدوجہد کی وہ خطے کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ آج ہماری ریاست ایک توانا اور با اثر نظریاتی رہنما سے محروم ہو گئی ہے یہ کمی پوری کرنا کسی کے بس کی بات نہیں تاہم ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ریاست کی آزادی اور انسانی حقوق کے لئے مرحومہ کا مشن جاری و ساری رکھیں گے۔ نماز جنازہ میں پی این پی کے قائدین و کارکنان کے علاوہ قوم پرست قائدین چوہدری یاسین انجم، پروفیسر خلیق، راجہ مظہر اقبال ایڈووکیٹ، راجہ طفیل عجائب، اشفاق باغی، احسن اسحاق، سردار طلحہ، سلیم بٹ، آزاد قادری اور صحافی خاور نواز راجہ، اعجاز عباسی، راجہ ماجد افسر، نثار کیانی اور دیگر کے علاوہ عوام کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی۔۔ دریں اثناءپی این پی کے جلا وطن قائد سردار شوکت علی کشمیری نے نائلہ خانین کی وفات کو پارٹی اور پوری ریاست کے لئے عظیم سانحہ قرار دیا ہے اپنی ٹیلیفونک گفتگو میں شوکت کشمیری نے پارٹی کارکنوں اور مرحومہ کے خاندان اور جملہ لواحقین کو صبر کی تلقین کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔