جمعه 16 نومبر 2018ء
جمعه 16 نومبر 2018ء

ہجیرہ ضمنی الیکشن،ن لیگ کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب

ہجیرہ(دھرتی نیوز )حلقہ ایل اے 18پونچھ دو ہجیرہ میںضمنی الیکشن پر امن ماحول میں مکمل ہو گے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ ”ن“ کے امیدوار سردار عامر الطاف 20688 ووٹ لے کر کا میاب ہو گے۔دوسرے نمبر پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار غلام صادق خان رہے جنہوں نے 14613 ووٹ حاصل کیے۔سردار عامر الطاف کا یہ پہلا الیکشن تھا اور وہ سابق ممبر اسمبلی سردار خان بہادر خان کے پوتے ہیں۔دیگر امیدواروں میںمسلم کانفرنس کے امیدوار سردار کاشان مسعود نے 3188 ووٹ لیے ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔پی ٹی آئی کے امیدوار سردار سوار خان نے 3119 جبکہ جے کے پی پی کے امیدوار سردار نظام خان نے 1331 ووٹ حاصل کیے ہیں۔نیپ کے امیدوار اظہر کاشر نے280 ووٹ حاصل کیے ہیں۔اس حلقے میںکل 75202ووٹرز تھے۔کل 131پولنگ اسٹیشنز بنائے گے تھے جن میں سے 26پولنگ اسٹیشنزکو حساس ترین27پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا،دیگراضلاع سے پولیس کی بھاری نفری و رینجرز اہلکاران کے ہمراہ تعینات کی گئی تھی۔ تاہم پولنگ پر امن رہی ۔مذکورہ حلقہ کی نشست ممبر اسمبلی سردار خان بہادر خان کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر ضمنی الیکشن میں سولہ امیدواران نے کاغذات جمع کروائے تھے جن میں سات نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے تھے ، اس کے بعد نو امیدواران الیکشن میں حصہ لے رہے تھے ، جن میں پیپلزپارٹی کے سردار غلام صادق ، مسلم لیگ ن کے سردار عامر الطاف ، مسلم کانفرنس کے سردار کاشان مسعود ، پی ٹی آئی کے سردار سوار خان ، جے کے پی پی کے سردار نظام خان قابل ذکر تھے۔پولنگ صبح وقت مقررہ پر شروع ہوئی ۔صبح کے وقت پولنگ اسٹیشن پر رش کم رہا تا ہم وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشنز پر رش بڑھتا گیا ۔اسسٹنٹ کمشنر ہجیرہ ممتاز کاظمی نے ”دھرتی“ کو بتایا کہ کسی بھی جگہ امن و امان کا مسلہ درپیش نہیں آیا اور پولنگ پر امن ماحول میں ہو ئی ۔