پیر 10 دسمبر 2018ء
پیر 10 دسمبر 2018ء

الیکشن لڑنامیرا نہیں پارٹی کا فیصلہ ہے،حاجی سردار محمد یعقوب خان

راولاکوٹ (دھرتی نیوز) سابق وزیراعظم و صدر آزاد کشمیر ، پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنماء اور امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے 19پونچھ 3حاجی سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینا ان کا ذاتی نہیں بلکہ پارٹی کا فیصلہ تھا البتہ پارٹی نے مجھ سے رضا مندی لی تھی ، موجودہ سیاسی حالات میں اس سے بہتر کوئی فیصلہ نہیں تھا کہ مجھے از خود الیکشن میں حصہ لینا چاہیے ، پارٹی نے مجھ پر اعتماد کیا ہے تو میں پارٹی قیادت کو مایوس نہیں کرونگا اور یہ سیٹ واضح اکثریت سے جیت جاؤں گا ۔ روز نامہ ’’ دھرتی ‘‘ کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ جے کے پی پی کے سربراہ اور ممبر قانون ساز اسمبلی سردار خالد ابراہیم خان( مرحوم )کی دلی طور پر قدر کرتے تھے اور کرتے رہیں گے ، انہوں نے کبھی میرے خلاف کوئی بات نہیں کہی بلکہ کئی مواقعوں پر دیگر مقررین کو بھی میرے حوالے سے بات کرنے سے روک دیا جس سے ان کا’’ بڑا پن‘‘ ظاہر ہوتا ہے۔ میں نے خانہ کعبہ میں بھی ان کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی ہے اور کوشش ہے کہ ان کے سیاسی مشن کو لیکر چلیں۔ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ ان ضمنی انتخابات میں بطور امیدوار نامزد ہونے سے قبل مجھ سے الیکشن کے حوالے سے سردار خالد ابراہیم خان کے خاندان یا ان کی جماعت کے کسی فرد نے رابطہ نہیں کیا ورنہ میں اس فیصلے پر ضرور نظر ثانی کرتا اور پارٹی قیادت کو آگاہ کرتا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ الیکشن ایک خاص سیاسی تناظر میں لڑ رہے ہیں ، میں ہر حال میں کامیاب ہونگا اور میری منزل کا تعین صرف اسمبلی ممبر بننا نہیں آگے بڑھنا ہے ، حکومت میرے خلاف جتنی چاہیے سازشیں کر لے کامیاب نہیں ہو گی کیونکہ عوام کا اس حکومت سے اعتماد اس کی کارکردگی کی وجہ سے ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ اس حکومت کو ڈھائی سال گزر چکے ہیں ہمارے پورے ڈویژن میں کوئی بڑا منصوبہ شروع نہ کر سکی حتیٰ کہ وزیراعظم باضابطہ طور پر اس ضلع کا دورہ بھی نہ کر سکے ، ہمارے دور حکومت کے جاریہ منصوبے بھی التواء کا شکار ہیں ان ہی محرومیوں کے ازالے کیلئے میدان میں آیا ہوں اور عوام کو اس حکومت سے ضرور نجات دلاؤں گا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے کشمیریوں کا جینا مشکل ہو رہا ہے لیکن موجودہ حکومت عیاشیوں میں لگی ہوئی ہے وقت آ گیا ہے کہ عوام ووٹ کے ذریعے موجودہ حکومت کو سبق سکھائیں ، انہوں نے پارٹی کارکنوں کو قیمتی اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ کارکن دن رات محنت کر رہے ہیں کارکنان اگر متحدم ہو کر کوشش کرینگے تو ہم واضح لیڈ سے یہ نشست جیت جائیں گے ۔   

آج کااخبار

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

کالم