منگل 22 اکتوبر 2019ء
منگل 22 اکتوبر 2019ء

پونچھ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کا فیصلہ

 راولاکوٹ (دھرتی نیوز) آزاد کشمیر کے تیسرے ڈویژن پونچھ میں بھی پونچھ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے،آزاد کشمیر میں میرپور اور مظفرآباد ڈویژن میں پہلے سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفاتر موجود ہیں اور میرپور چیمبر آف کامرس پاکستان کے چند  بڑے چیمبرز میں شمار ہوتی ہے، پاکستان میں اب چیمبر آف کامرس کے دفاتر ضلعی سطح پر قائم کیے جا رہے ہیں تاہم آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے پر ڈویژن کی سطح پر جبکہ دوسرے مرحلہ میں ضلعی سطح پر اس کا قیام عمل میں لایا جائے گا، پونچھ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر دفتر راولاکوٹ میں قائم کیا گیاہے، ابتدائی مشاورتی  اجلاس میں عمران عزیز (فاز اسٹیٹ  اینڈ بلڈرز)کو کنوئینر بنایا گیا تھاجس کے بعد دوسرے مشاورتی اجلاس میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو ڈویژن کے چاروں اضلاع کے تاجران،کمپنی مالکان اور ٹریڈرز کو اعتماد میں لے کر پہلے مرحلے میں ممبر شب اور رجسٹریشن کا پراسیس کیا جائے گا جبکہ رجسٹریشن کے بعد مستقل باڈی کے لیے انتخابات کی  تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔