هفته 14 دسمبر 2019ء
هفته 14 دسمبر 2019ء

بلاول بھٹو اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے مابین اہم ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال

مظفرآباد (پی آئی ڈی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کے مابین اہم ملاقات‘ دورہ مظفرآباد کے دوران آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے مقامی ہوٹل میں قیام پذیر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزراء اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی اور پرویز اشرف، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر اور ترجمان بلاول بھٹو زرداری مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بات چیت کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پیپلز پارٹی کے 52ویں یوم تاسیس کے موقع پر آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں یکجہتی و تاسیسی جلسہ عام کے انعقاد کو کشمیری عوام کیساتھ عملی یکجہتی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایک ایسے موقع پر جبکہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے کرفیو کے 119دن مکمل ہوچکے ہیں مگر ریاستی عوام نے سنگینیوں کے سائے تلے بھارت کے ناجائز قبضہ کو تاحال تسلیم نہیں کیا اور اپنی بساط کے مطابق بدستور مزاحمت کررہے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی دیگر قیادت کی مظفرآباد آمد پر انہیں خوش آمدید بھی کہا اور واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مشکل کی اس گھڑی میں یکجہتی کا مظاہرہ دور رس اثرات کا حامل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے دنیا کے ہرفورم پر کشمیری عوام کی بھرپور انداز میں ترجمانی کی جس پر راجہ محمد فاروق حیدر خان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ خصوصاً اسلام آباد میں منعقدہ پارلیمنٹرین کانفرنس میں راجہ محمد فاروق حیدر خان کی تقریر کشمیری عوام کی امنگوں کی آئینہ دار تھی۔ اس موقع پر سندھ حکومت اور آزاد کشمیر حکومت کے مابین تعلقات کار اور تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے میرپور کے حالیہ زلزلہ کے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے عمل میں ہر ممکن حصہ ڈالنے اور تعاون کی پیشکش کی۔ سندھ حکومت کے زیر اہتمام میرپور کے زلزلہ متاثرہ علاقے میں سٹیٹ آف آرٹ تعلیمی ادارہ بنا کردیا جائے گاجبکہ کراچی کے امراض قلب کے ادارہ کو آزاد کشمیر سے لنک کیا جائے گا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے طلباء یونین کی بحالی کا خیر مقدم کیا اور اسے خوش آئند قدم قرار دیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سیاسی کارکنان خواہ کسی بھی جماعت سے ہوں معاشرے کا اہم ترین اثاثہ ہوتے ہیں۔ موجودہ دور میں نظریاتی سیاست کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان میں نظریاتی سیاست کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا اہم کردار ہے۔  

آج کااخبار

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

کالم