جمعرات 09 جولائی 2020ء
جمعرات 09 جولائی 2020ء

آزادکشمیر میں کرونا کے 28نئے کیسز سامنے آگئے

  مظفرآباد(پی آئی ڈی)آزادجموں وکشمیر کے وزیر آئی ٹی و حکومتی ترجمان ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں آج کرونا کے 28نئے کیسز سامنے آئے جن میں 20کا تعلق مظفرآباد، ایک کا جہلم ویلی،6کا بھمبر اور ایک کا میرپور سے ہے۔ مظفرآباد میں تین ڈاکٹرز میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بجٹ کی تیاری آخری مراحل ہے، 18جون کو بجٹ پیش کیا جائے گا۔ مظفرآباد میں کرونا کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ تشویشناک ہے۔ وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنائیں، حفاظتی ایس او پی کی خلاف ورزی جاری رہی تو دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جا سکتے ہیں۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر جھوٹے الزاما ت لگا رہا ہے۔ کشمیری عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے برسرپیکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہاکہ بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔ 10جون کو قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہو گا جبکہ18جون کو حکومت آزادکشمیر بجٹ پیش کرے گی۔بجٹ عوام دوست ہوگا۔ بجٹ میں ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے وافر فنڈز رکھے گئے ہیں اور عوام کی بھرپور ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں کرونا کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ تشویشناک ہے۔ عوام کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ عوام کی مشکلات کے پیش نظر کیااگر عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں آج سامنے آنے والے کرونا کے نئے 28کیسز میں سے مظفرآباد میں تین ڈاکٹرز میں بھی کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ان کی Contactsکے بھی سیمپل لیے جارہے ہیں جبکہ دیگر نئے کیسز میں سرکاری ملازمین اور کرونا کے مریضوں کے  Contactsشامل ہیں۔ ضلع جہلم ویلی میں کرونا کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ آزادکشمیر میں اب تک 7613افراد کے کرونا کے شبہ میں ٹیسٹ لیے گئے ہیں اور 313افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے183صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں جبکہ 7افراد کی کرونا کی وجہ سے موت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ برس پانچ اگست کے بعد ہندوستانی فوج کے محاصر ے میں۔ مقبوضہ کشمیر میں کرونا کی وباء کو کنٹرول کرنے کیلئے بھارتی حکومت کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے بلکہ کرونا کی وباء کے آڑ میں کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہیں وہ بھارتی ظلم و جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔

آج کااخبار

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

کالم