جمعه 26 فروری 2021ء
جمعه 26 فروری 2021ء

جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ

بنگوئیں (دھرتی نیوز)جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ رواں سال آزاد کشمیر میں ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ماضی میں ہونے والے انتخابات سے منفرد ہوں گے۔عوام کے اندر اب شعور آچکا ہے کہ وہ روایتی سیاست کو مسترد کریں اور ایسے لوگوں کو آگے لائیں جو عوام کے مسائل حل کرنے اور کرپشن اور رشوت سے چھٹکارہ دلانے کی استعداد رکھتے ہوں تاکہ معاشرے میں انصاف کا بول بالا ہو عوام کا معیار زندگی بلند ہو۔ جب تک اقتدار نچلی سطح پر منتقل نہیں ہوتا، حقیقی تبدیلی ممکن نہیں ہے، موسمی سیاستدانوں سے عوام ہوشیار رہیں، ہم بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، دعوت فکر دینے آئے ہیں، نااہل لوگ ریاستی تعمیروترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں، سفارشی کلچر، اقرباء پروری کا خاتمہ چاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بنگوئیں میں انتخابی مہم کے حوالے سے منعقدہ ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام پارٹی کی ایک سرگرم رکن شاہین کنول نے کر رکھا تھا۔اس موقع پر درجن بھر خواتین و مرد حضرات نے جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی اسی فلسفہ کی بنیاد پر قائم کی گئی ہے۔آزاد کشمیر میں خواتین کی تعداد کل آبادی کے نصف سے بھی زیادہ ہے لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ آج بھی خواتین کو براہ راست انتخابات میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی اور انہیں فیصلہ سازی میں شامل نہیں نہیں کیا جاتا جس سے استحصال کی بو آتی ہے۔ہماری جماعت بلاتخصیص مرد و عورت فیصلہ سازی سے لے کر انتخابات میں قسمت آزمائی تک برابری کے مواقع دینے کی داعی ہے،خواتین اگر دنیا کی ہر فیلڈ میں نمایا ں کردار ادا کر سکتی ہیں تو سیاست یا حکومت میں کیوں نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ہماری جماعت بھرپور کردار ادا کرے گی اور کوشش کرے گی کہ روایتی سیاسی جماعتوں کے کالے کرتوت عوام کے سامنے رکھے جائیں کہ کس طرح عوام جو کسی جماعت کی ریڈحھ کی ہڈی ہوتے ہیں استحصال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردارخالد ابراہیم خان کیساتھ ایک طویل سیاسی سفر گزارا، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی بنانے کا مقصد انٹرا پارٹی الیکشن کے ذریعے اہل قیادت کا انتخاب کرنا ہے تاکہ سرمایہ دار،ڈکٹیٹر کوئی رکاوٹ نہ بن سکے، انہوں نے کہا کہ یہاں اس علاقے میں سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں، یہاں پینے کے پانی کے مسائل بھی بہت زیادہ ہیں، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات لوگوں کو میسر نہیں ہیں، پانچ سالوں کے بعد یہاں لوگ آکر صرف سیاست کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت ہے اور اس امانت کا درست استعمال کریں پھر ووٹ ضائع نہیں ہوسکتا، قول وفعل میں تضاد رکھنے والوں کو کسی صورت آگے نہ لایا جائے، درست قیادت انتخاب ہوگا تو فصلی بٹیرے بھاگ جائیں گے، موسمی سیاستدانوں سے لوگ ہوشیار رہیں، ہم بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے اپنے جماعت میں شامل ہونے والی خواتین کا شکریہ ادا کیا اور یہ عہد کیا کہ باہمی یکجہتی سے عوامی مسائل حل کرنے اور سیاست میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔قبل ازیں بنگوئیں پہنچنے پر مقامی لوگوں نے ان کا پرتباک استقبال کیا۔