جمعرات 21 جون 2018ء
جمعرات 21 جون 2018ء

پونچھ میڈیکل کالج کی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پہلی پوزیشن

لاہور ، راولاکوٹ ( دھرتی نیوز)پونچھ میڈیکل کالج راولاکوٹ نے سب کو مات دے دی ، اٹھانوے فیصد نتائج کے ساتھ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور، نشتر میڈیکل کالج ملتان ، قائدا عظم میڈیکل کالج بہاولپور، سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور سمیت درجنوں نامور اداروں کوبھی پیچھے چھوڑ دیا۔ پونچھ میڈیکل کالج راولاکوٹ کے اولین بیچ ،سیشن 2013-2017 نے اپنے فائنل ائیر کے امتحانات میں 97.8 رزلٹ کیساتھ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے ساتھ الحاق شدہ پاکستان بھر کے انتالیس میڈیکل کالجز میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ پونچھ میڈیکل کالج کے یو ایچ ایس کیساتھ الحاق کے بعد یہ اولین امتحانات تھے۔ صرف ایک طالبہ میڈیسن کے ایک مضمون میں کامیاب نہ ہو سکی جس کے باعث نتیجہ سو فیصد نہ ہوسکا۔ گزشتہ سال اسی کلاس کا آزادکشمیر یونیورسٹی کے زیر اہتمام امتحانات میں بھی 98 فیصد نتیجہ آیا تھا۔ نا مسائد حالات اور محدود سہولیات کے باجود پونچھ میڈیکل کالج کی مثالی کارکردگی پر آزادکشمیر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تمام مکاتب فکر کے افراد نے پرنسپل پونچھ میڈیکل کالج ڈاکڑ ضیاءالرحمان ، ٹیچنگ فیکلٹی ، کالج انتظامیہ اور طلباءکو خراج تحسین پیش کیا ہے جن کی مشترکہ کاوشوں سے پونچھ میڈیکل کالج مختصر ترین عرصے میں پاکستان کا سب سے نمایاں میڈیکل کالج بن گیا۔۔ انتظامیہ کے مطابق کامیاب ہونے والے تمام طلباء کے لیے شیخ زید ہسپتال راولاکوٹ میں ہاوس جاب کے انتظامات جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پی ایم سی کے بانی پرنسپل ڈاکٹر ضیاء الرحمان نے کالج کو اس مقام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیاہے اور کالج کے آغاز سے لیکر آج تک مالی مشکلات کے باوجود پاکستان کی بہترین پروفیسرز کو راولاکوٹ لانے میں کامیاب رہے۔