جمعه 16 نومبر 2018ء
جمعه 16 نومبر 2018ء

پی ڈی کا تجاوزات کے خلاف آپریشن ، تاجران کا احتجاج، تخصیص برتنے کا الزام

راولاکوٹ ( دھرتی نیوز) پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ نے بینک روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اور بعض مقامات سے تجاوزات کو ہٹادیا گیا ، گزشتہ روز پیر کو پی ڈی اے کے انسپکٹر تجاوزات اجمل برکت کی نگرانی میں یہ آپریشن کیا گیا ، اس موقع پر ایس ایچ او ماڈل تھانہ راولاکوٹ سردار اکمل شریف پولیس نفری کے ہمراہ ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے موجود رہے ، انسپکٹر تجاوزات نے کہا کہ کسی قسم کا دباﺅ قبول نہیں کیا جائیگا اور نہ ہی کسی سے کوئی رعائت کی جائے گی ، شہر میں موجود تمام تجاوزات کو ہر صورت صاف کریں گے ، دوسری جانب تاجران نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ پی ڈی اے کی جانب سے آپریشن میں تخصیص برتی جا رہی ہے جہاں کہیں تعلق اور اثرو رسوخ ہے وہاں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی اور تجاوزات ہٹانے کا عمل ایک کونے کی بجائے ایک مخصوص مارکیٹ سے شروع کیا گیا ، اس موقع پر تاجران کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور راہ گیر بھی وہاں آپہنچے جس کے باعث مجمع لگ گیا ، مقامی تاجر محمد امجد اور دیگرنے کہا کہ ہمیں سامان فروخت کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ، پی ڈی اے کے عملہ نے جو سامان فروخت کر رکھا تھا اور اسے گاڑی پر لوڈ کیا جا رہا تھا اسے بھی ضبط کر لیا حالانکہ یہ سامان اپنی دکان کی حدود میں رکھا گیا تھا ، جبکہ بعض تجاوزات کو اثر و رسوخ کی بنیا د پر نہیں چھیڑا گیا ، انہوں نے کہا کہ ہم تجاوزات کے خلاف آپریشن کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن اس میں تخصیص نہیں برتی جانی چاہیے ، بعض لوگوں کو کمزور سمجھ کر انہیں تنگ کرنے کی پالیسی اپنائی جار ہی ہے جو ہم برداشت نہیں کریں گے ، پی ڈی اے کے حکام پہلے بااثر لوگوں کی تجاوزات ہٹائیں ہم بھی بھرپور تعاون کریں گے ۔