منگل 18 جون 2019ء
منگل 18 جون 2019ء

عید الفطر کی تعطیلات، راولاکوٹ میں لاکھوں سیاحوں کی آمد

راولاکوٹ، پانیولہ، کھائی گلہ (دھرتی نیوز، نامہ نگار) عید الفطر کی تعطیلات میں ایک لاکھ کے لگ بھگ سیاحوں نے راولاکوٹ کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا، عید الفطر کے دوسرے دن دن سے گزشتہ روز اتوار تک سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، پاکستان و آزادکشمیر کے مختلف علاقوں سے لوگ انفراد ی اور گروپس کی صورت میں سیاحتی مقامات چھوٹاگلہ، بن جونسہ، تولی پیر، لس ڈنہ، دیوی گلی، جنڈالی، حسین کوٹ، اپر سنگولہ، بن بیک، داتوٹ، بیروٹہ، ٹوپہ کھیریاں، تراڑکھل، نیریاں، ڈنہ پوٹھی میر خان کی سیر کو آئے، چھوٹاگلہ، بن جونسہ، تولی پیر میں تل دھرنے کی جگہ نہ تھی، ہزاروں گاڑیاں ان مقامات پر داخل ہوئیں، ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کی رہنمائی اور سہولیات کی فراہمی کے خصوصی اقدامات کر رکھے تھے اور کوئی بھی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، ڈپٹی کمشنر پونچھ ارشد محمود مرزا نے عید سے قبل حکمت عملی مرتب کرکے مجسٹریٹس، جنرل پولیس، ٹریفک پولیس، ٹورازم فورس کو ذمہ داریاں سونپی تھیں جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر نبھائیں جس پر ڈپٹی کمشنر پونچھ، محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو عوامی، سماجی، سیاحتی حلقوں کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا گیا، اس مرتبہ ٹریفک پلان بھی موثر طور پر مرتب کیا گیا تھا جس سے سیاحوں کو آسانیاں میسر آئیں، اس دوران محکمہ سیاحت کے افسران اور اہلکاران نے بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر نبھائیں،سیاحوں کی آمد سے یہاں کی معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا، پانیولہ سے نامہ نگار کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات کے دوران سیاحوں نے کثیر تعداد میں ضلع پونچھ کی حسین وادیوں کا رخ کیا محتاط اندازے کے مطابق لاکھوں سیاح پانیولہ راولاکوٹ تولی پیر بنجوسہ داتوٹ بیروٹہ ہورنہ میرہ ٹوپہ کھیریاں حسین کوٹ سنگولہ اور دیگر مقامات پر آئے جو وادی جنت نظیر کے قدرتی حسن و دلکشی کے مناظر اور معتدل آب و ہوا سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اسی طرح نواحی ضلع باغ حویلی اور سدہنوتی کے تفریحی مقامات پر سیاحوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کی اطلاع ہے راولاکوٹ کی خوبصورت اور بلند ترین مقام تولی پیر شاہراہ پر تل دہرنے کی بھی جگہ نہ تھی اسی طرح بنجوسہ جھیل اور وادی پرل راولاکوٹ میں ریکارڈ سیاح آئے جنکی آمد کا سلسلہ جاری ہے جسے آزادکشمیر کی سیاحت اور معاشی ترقی میں نیک شگون قرار دیا جا رہا ہے ان سیاحوں کے مطابق ملک میں جاری گرمی کی شدید لہر میں آزادکشمیر کی وادی پرل راولاکوٹ اور نواحی علاقوں کا موسم اور قدرتی حسن جنت سے کم نہیں۔ ادھر عوامی، سماجی و سنجیدہ مکاتب فکر کے لوگوں نے مقامی انتظامیہ اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کے ذمہ داران و اہلکاران کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیا اور حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاران کو خصوصی انعامات دئے جائیں کیونکہ اس مرتبہ معمول سے بڑھ کر اقدامات سیاحوں کی دلچسپی کا باعث بنے ہیں۔ سیاحوں نے راولاکوٹ کے قدرتی حسن کو سراہتے ہوئے اس علاقہ کو جنت نظیر قرار دیا اور کہا کہ یہاں کے لوگوں نے بے پناہ رش کے باوجود ہماری رہنمائی کی اور بہترین مہمان نواز ی پر ہم اس پورے خطہ کے لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں پیار و محبت دیا، تاہم حکومت کو چاہیے کہ وہ یہاں مزید سہولیات فراہم کرے اور تولی پیر سڑک کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کرے۔   

آج کااخبار

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

کالم