جمعرات 21 جون 2018ء
جمعرات 21 جون 2018ء

شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے قاءم مقام صدر نامزد

لاہور(دھرتی نیوز ) ملک کی حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو جماعت کا تاحیات قائد اور پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف کو قائم مقام صدر منتخب کر لیا ہے۔منگل کو حکمران جماعت کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن لاہور میں ہوا۔جس کی صدارت پارٹی چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کی۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بطور مبصر (آبزرور)شرکت کی جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مریم نواز ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق،وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار راجہ فاروق حیدر، سردار مہتاب عباسی ،امیر مقام ،مشاہد اللہ خان ، طارق فضل چودھری، طلال چودھری، منشااللہ بٹ، مصدق ملک،زبیر گل سمیت دیگر اہم رہنماﺅں نے شرکت کی تاہم چوہدری نثار اجلاس میں شریک نہیں ہوئے وہ اس دوران اسلام آباد میں موجود رہے۔مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پارٹی کی قائم مقام صدارت کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا نام دیا جس پر خواجہ سعد رفیق،احسن اقبال اور زاہد حامد نے تائید کی جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔بعد ازاں شہباز شریف،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور راجہ ظفر الحق نے نواز شریف کو پارٹی کا تا حیات قائد بنانے کی قرار داد پیش کی جسے مرکزی مجلس عاملہ نے منظوری دے دی اور تمام ارکان مجلس عاملہ نے اس کی متفقہ تائید کی۔شہباز شریف کو 6مارچ کو پارٹی کا مستقل صدر بنایا جائے گا۔