اتوار 27 مئی 2018ء
اتوار 27 مئی 2018ء

کہوٹہ ، راولپنڈی دو رویہ سڑک کا سنگ بنیاد

کہوٹہ(اے این این) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے جو وعدہ کیا تھا آج وہ پورا ہوگیا، یہ وسائل ہر حکومت کے پاس تھے لیکن ان کے کام نظر نہیں آئے، ہم نے ہم نے وہ عدالتی فیصلہ بھی قبول کیا جس سے کوئی آدمی اتفاق نہیں کرتا، نامساعد حالات کے باوجود کوئی سمجھوتہ کیے بغیر ملکی معیشت کو مضبوط کیا ، جب بھی پاکستان کے عوام نے بہتر فیصلے کیے اس کے اثرات پہنچے اور جو منصوبے 50 سال سے شروع نہیں ہوئے تھے وہ ہماری حکومت نے پورے کیے اور ملکی معیشت کو مضبوط کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی سے کہوٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے خدمت اور شرافت کی سیاست کو فروغ دیا۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالتی فیصلہ قبول کیا، اس فیصلے سے ملک کا کوئی آدمی اتفاق نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی خود مختاری کے شکوے کے باوجود ہم نے وہ کام کیئے ہیں جس کا فائدہ لوگوں کو آنے والے عشروں میں ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان کے عوام نے بہتر فیصلے کیئے ہیں، اس کا ان کو پھل ملا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج بجلی کا مسئلہ حل ہوچکا ہے، بجلی اور گیس کی کمی ملک سے دور کردی گئی ہے۔شا ہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف نے عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے گئے ہیں اور اگر کوئی وعدہ مکمل ہونے سے رہ گیا ہے تو وہ بھی پورا کردیا جائے گا۔