حکومتی آمدن کے ذرائع ٹیکس کی مدات ہیں،ترجمان حکومت

0

مظفرآباد( پی آئی ڈی) ترجمان حکومت آزادکشمیر نے کہا ہے کہ حکومتی آمدن کے ذرائع ٹیکس کی مدات ہیں، ٹیکس کے پیسوں سے عوام کو بنیادی سہولیات تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور بجلی مہیا کی جاتی ہیں۔ دنیا بھر میں ٹیکسز سے ہی ریاستوں کے نظام چلتے ہیں۔ ٹیکس کے نفاذ کو موخر کرنے کا مطالبہ مناسب نہیں، نیلم ویلی کے گیسٹ ہاوسز مالکان کو بڑھ چڑھ کر حکومت کی مدد کرنی چاہیئے تاکہ مشکل حالات میں حکومت عوام کی مزید بہتر انداز میں خدمت کر سکے۔ ترجمان حکومت نے کہا کہ وادی نیلم ہندوستانی جارحیت کا شکار رہی ہے تاہم گزشتہ کچھ عرصہ سے حکومتی اقدامات اور خصوصی توجہ سے ریکارڈ تعداد میں سیاحوں نے وادی نیلم کا رخ کیا ہے جو کہ اس حکومتی اقدامات مبین ثبوت ہے کہ وادی نیلم میں معیشت کا پہیہ رواں دواں ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت آزادکشمیر نے وادی نیلم کی ترقی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے ہیں تاکہ انفراسٹرکچر اپ گریڈ ہو اور زیادہ تعداد میں سیاح نیلم کا رخ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وادی نیلم میں پرائیویٹ سیکٹر میں ہونے ہونے والی تیز رفتار ترقی اس بات کا ثبوت ہے کہ نیلم میں مزید سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ وادی نیلم میں حکومت کی جانب سے انفراسٹرکچر کی بہتری، بجلی کی ترسیل کے نظام، امن و امان کے قیام سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی حکومت کوشاں ہے۔ ترجمان حکومت نے کہا کہ نجی سیکٹر سے امید رکھتے ہیں کہ جہاں اللہ کے فضل سے انکے سیکٹر میں بہتری آئی ہے وہاں وہ اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئےبروقت ٹیکسز کی ادائیگی کو یقینی بنائے تاکہ حکومت کو عوام کی خدمت کرنے میں آسانی ہو۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت گیسٹ ہاوسز مالکان سے توقع رکھتی ہے کہ وہ حکومتی عملداری قائم رکھنے میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ جہاں قانون توڑنے والوں کی سہولت کی جاتی ہے وہاں سیاحت کے فروغ میں کمی واقع ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کی مرکزی شاہراہ کو ہمہ وقت کھلا رکھنا حکومت کی ترجیحات میں ہے، سیفٹی وال لگانے کیلئے فی الوقت وسائل ناکافی ہیں تاہم وسائل کی دستیابی پر ترجیحی بنیادوں پر سیفی وال کی تعمیر کی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں