پروفیسر ڈاکٹر ممتاز صادق خان ریٹائرڈ ہو گئے

0

راولاکوٹ(دھرتی نیوز) پرنسپل گورنمنٹ حسین خان شہید پوسٹ گریجویٹ کالج(بوائز) راولاکوٹ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز صادق خان مدت ملازمت پوری کر کے ریٹائرڈ ہو گئے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر کا لج میں ہی ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں موصوف کی محکمانہ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ انھوں نے 35 برس سے زائد عرصہ محکمہ تعلیم کالجز میں اپنی گراں قدر خدمات انجام دیں، سروس کا آغاز انٹر کالج لیپہ سے کیا اور اختتام گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راولاکوٹ میں کیا۔ اس دوران وہ آزادکشمیر بھر کے مختلف کالجز، ڈگری کالج ہجیرہ، ڈگری کالج تراڑکھل، پی جی سی راولاکوٹ میں خدمات سر انجام دیتے رہے۔ موصوف اُردو کے پروفیسر تھے اور کبھی بھی اپنی سروس کے دوران سو فیصد سے کم نتائج نہیں دئیے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سیپروفیسر محمد سلیم خان،پروفیسر نعمان صدیقی، پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس خان، پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین ظفر، ڈاکٹر محمد صغیر خان، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز صادق خان،پروفیسر اظہر لطیف،پروفیسر محمد فاروق خان،معروف کاروباری شخصیت سردار شازیب شبیر،پروفیسر محمد ایاز خان، پروفیسر ناصر رفیق، ،محمدقمر رحیم، پروفیسر عبد الصبور، پروفیسر اشتیاق احمد، پروفیسرامجد ممتاز، پروفیسر ایاز کیانی،پروفیسر خالد افضل، پروفیسر یاسر چغتائی، پروفیسر عتیق احمد، پروفیسر ڈاکٹر کامران، پروفیسر علی رضوان، پروفیسر طفیل حسین علوی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔تقریب میں سابق پرنسپل صاحبان، سابق پروفیسر صاحبان نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے موصوف کی محکمانہ خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب میں ڈاکٹر ممتاز صادق خان نے بچپن سے ریٹائرمنٹ تک زندگی کا حال احوال پیش کیا اور مزاحیہ انداز میں سامعین کو اپنی طرف متوجہ رکھا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزا ز میں پرُوقار ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔پروفیسر ڈاکٹر ممتاز صادق خان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ان کے والد محترم سرادر محمد صادق خان (مرحوم) بھی اسی ادارہ میں بطور پرنسپل خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں