جلسے جلوسوں پر محدود پابندیاں،آرڈینس جاری

0

مظفر آباد (دھرتی نیوز)آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق نے آزاد کشمیر میں شہری و شخصی آزادیوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ایک آرڈیننس جاری کیا ہے جس میں آزاد کشمیر بھر میں جلسے،جلوسوں، ریلیوں، عوامی اجتماعات سمیت ایسے تمام پروگراموں کیلئے ایک ضابطہ مرتب کیا گیا ہے جو کسی بھی طرح سے شخصی آزادیوں میں خلل پیدا کرنے کے مترادف ہو سکتے ہیں، ”پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈیننس 2024“کے نام سے جاری اس آرڈیننس میں بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ریاست بھر میں عوامی اجتماعات کیلئے 7 صفحات پر مشتمل جو نیا ضابطہ مرتب کیا گیا ہے اس کے مطابق اب کسی بھی اجتماع یا پروگرام کیلئے پروگرام آرگنائزر7 روز قبل متعلقہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو تحریری طور پر منظوری لینے اور غرض و غایت سے آگاہ کرنے کا پابند ہو گا، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو پروگرام کی منظوری دینے یا انکار کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہو گا، اگر کسی بھی پروگرام کے انعقاد کیلئے ایسی کوئی بھی منظوری لینے کی کوشش کی جائے گی جس کا دورانیہ محض 48 گھنٹے باقی ہو گا تو وہ منسوخ ہو گی اور اس کی منظوری نہیں دی جائے گی، آرڈیننس کے مطابق کسی بھی ایسی تنظیم کو پروگرام کے انعقاد کی منظوری نہیں دی جائے گی جو غیر سیاسی ہو اور پروگرام کا انعقاد سیاسی مقاصد کیلئے کرنے جارہی ہو،درخواست دہندہ نام، ایڈریس، شناختی کارڈ کی کاپی، پروگرام کی تفصیلات،رابطہ نمبرز اور پروگرام کوآرڈینیٹر کی تفصیلات دینے کا بھی پابند ہوگا، جس تنظیم یا جماعت کے زیر اہتمام یہ پروگرام ہوگا اس کے سربراہ کی تفصیلات، مقاصد،وقت اور دورانیہ اور متعلقہ جگہ یا مقام کا تعین، شرکاء کی متوقع تعداد کی شمولیت کے اعداد و شمارکی تفصیلات فراہم کرنا بھی لازم ہوگا، اس اجتماع میں شرکاء کی شرکت کے طریقہ کا ر کا تعین، گاڑیوں، موٹر سائیکل یا دیگر ذرائع کی تفصیلات کی فراہمی بھی لازم ہوگی۔متعلقہ ڈپٹی کمشنر اجازت نامے سمیت فراہم کردہ تمام تفصیلات کی بنیاد پر لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رپورٹ لیتے ہوئے اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے مکمل بااختیار ہو گا، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مطلوبہ جگہ یا مقام جس کیلئے درخواست دی گئی ہو، کے علاوہ کسی اور جگہ یا مقام کی اجازت نہیں دے گا اورمنتظمین پروگرام سے مطلوبہ جگہ،مقام، وقت کی پابندی اور امن عامہ کی صورت حال کو یقینی بنانے کے حوالے سے ضمانتی مچلکہ بھی طلب کرے گا اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر کوئی بھی اجتماع منعقد نہیں کیا جاسکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں