باغ(دھرتی نیوز)بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں شہید ہونے والے میجر سعد بن زبیر کی نماز جنازہ انکے آبائی شہر باغ میں ادا کی گئی۔ میجر سعد بن زبیر شہید سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے سسر محترم ڈی آئی جی ریٹائرڈ کیپٹن سردار علی افسر خان (مرحوم) کے پوتے، سابق وزیراعظم کے برادرِ نسبتی سردار زبیر علی افسر خان کے بیٹے اور چیئرمین یونین کونسل جنڈالہ تمروٹہ سردار ارباب حسین طاہر کے داماد تھے۔ نماز جنازہ میں کمانڈر 10 کور راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز، جی او سی مری، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق، وزرائے حکومت، سابق وزرائے حکومت، اعلی سول و عسکری حکام، سیاسی عمائدین، عوام علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے میجر سعد بن زبیر شہید کو فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا میجر سعد نے شہادت کا بلند ترین رتبہ پایا ہے۔شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جانے گی، شہداء وطن نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے اور ایسی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط اور آنے والی نسلوں کیلئے پرامن اور محفوظ پاکستان کیلئے ہمارے یقین کو مستحکم بناتی ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد اور پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ اہل کشمیر اور پاکستان کا روح اور خون کا رشتہ ہے۔ کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستانی جوانوں نے ہماری حفاظت کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ شہدا کی قربانیوں کی بدولت ہی ہماری آزادی برقرار ہے۔ پوری قوم کو میجر سعد سمیت جملہ شہدا کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے۔
باغ،میجر سعد شہید کی میت فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
