راولاکوٹ (دھرتی نیوز،پی آئی ڈی) وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حالیہ بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والوں کے ورثاء کو وفاقی حکومت کی طرف سے فی کس ایک کروڑ روپے،زخمیوں کو دس سے تیس لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔تباہ شدہ گھروں اور مساجد کی تعمیر بھی وفاقی حکومت خود کرے گی،لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔بھارت نے اگر دوبارہ کوئی حرکت کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔وہ بدھ کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولاکوٹ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے زخمیوں کی خیریت معلوم کی،گلدستے پیش کیے اور ان کے بہتر علاج معالجے کی ہدایت کی۔میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر زخمیوں کی عیادت کے لیے راولاکوٹ آیا ہوں تاکہ کشمیری عوام کو یہ احساس دلایا جا سکے کہ حکومت پاکستان اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے شہید ہونے والوں کے ورثاء کو ایک کروڑ روپے، زخمیوں کو دس سے بیس لاکھ تک اور املاک کے نقصان کو بھی پورا کیا جائے گا۔لوگوں کو پہلے سے اچھے گھر بنا کر دیں گے جبکہ شہید ہونے والی مساجد کو پہلے سے بہتر تعمیر کر کے دیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والے لوگ درحقیقت پاکستان کے محافظ ہیں، ان کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ اگر ایسا جذبہ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جس بہادری اور جرات سے بھارتی جارحیت کا جواب دیا، اس سے دشمن کو واضح پیغام چلا گیا ہے اور آئندہ مودی کے دل میں ایسی حرکت کا خیال نہیں آئے گا۔امیر مقام نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے پاک فوج کے ساتھ مل کر دلیرانہ فیصلے کیے جن سے بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہو چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، لیکن پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور جب تک کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود نہیں کر لیتے، ہم ان کی ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں اور مذاکرات کا راستہ اپنانے کے حامی ہیں۔ حالیہ کشیدگی کے دوران مقامی سول انتظامیہ اور اداروں کے کردار کو سراہتے ہیں۔ ہسپتالوں کی ضروریات کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزرائے حکومت ڈاکٹر محمد نجیب نقی، افتخار گیلانی، سردار طاہر انور، سردار عبد الخالق وصی، سابق مشیر حکومت سردار اعجاز یوسف، رہنما مسلم لیگ ن راجہ فاتح محمد کیانی سمیت دیگر بھی وزیر امور کشمیر کے ہمراہ تھے۔
شہداء کے ورثاء کے لیے ایک کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
