مظفرآباد (پی آئی ڈی)آزاد کشمیر میں کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ فیز تھری کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اے او ایس کے مابین معاہدے پر دستخط ہو گئے۔اس معاہدے کے تحت 07 تحصیلوں کے 435 دیہاتوں کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ ہو کر ون ونڈو آپریشن کے تحت زمین کی نقل و انتقالات جاری کیے جائیں گے۔ ایم او یو سائننگ کی تقریب مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔ سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و اطلاعات محمد راشد حنیف اور AOS کے جنرل منیجر جواد رشید لون نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر خان، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن قاضی عنایت، ممبر مانیٹرنگ چوہدری شوکت،سیکرٹری بورڈ آف ریونیو سردار محمد طارق خان، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد قریشی، پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی نعمان پیرزادہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی ندیم تاج ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو GIS سروے بارے بھی بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے ہدایت کی کہ اس پر بھی عملدرآمد کیا جائے اور لینڈ ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر خان نے کہا کہ GIS بیسڈ سروے سے زمینوں کے ریکارڈ میں شفافیت، درستگی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ ملے گا، جس سے عوام کو بہتر اور تیز تر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ لینڈ ریکارڈ کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
کمپیوٹرائز لینڈ ریکارڈ کافیز تھری شروع
0











