راولاکوٹ (دھرتی نیوز)آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ(راولاکوٹ)سے تعلق رکھنے والے نوجوان اسکالر ڈاکٹڑ عمیر پرویز نے علمی میدان میں ایک نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے پی ایچ ڈی مقالے کا کامیابی سے دفاع کر لیا ہے۔ان کا تحقیقی مقالہ بعنوان“ہندوتوا اور ہندوستانی اسٹریٹجک کلچر کی تشکیلِ نو“ تھا، جس میں ہندوستان کی اسٹریٹجک سوچ اور پالیسی سازی پر ہندوتوا نظریے کے اثرات اور اس کے نتیجے میں آنے والی تبدیلیوں کا جامع تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔ موجودہ علاقائی و عالمی سیاسی حالات کے تناظر میں یہ موضوع نہایت اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔اس موقع پر عمیر پرویز نے اپنے سپروائزر Dr. Nezir Akyesilmen کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیمتی رہنمائی، تنقیدی آراء اور مسلسل حوصلہ افزائی اس تحقیق کی تکمیل میں بنیادی ستون ثابت ہوئیں۔انہوں نے اپنے شریک سپروائزر اور سرپرست ڈاکٹر کامران اقبال کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی سرپرستی، اعتماد اور بھرپور تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔عمیر پرویز نے اپنے تمام اساتذہ، ساتھیوں اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے علمی مباحث اور مفید مشوروں کے ذریعے تحقیق کو مزید بہتر بنانے میں کردار ادا کیا۔انہوں نے اس کامیابی کو اپنے والدین اور اہلِ خانہ کے نام منسوب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں، قربانیاں اور غیر متزلزل حمایت ہی ان کی اصل طاقت ہیں۔مزید برآں انہوں نے حکومتِ ترکیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جس نے انہیں اسکالرشپ فراہم کر کے اعلیٰ تعلیم کے حصول کا موقع دیا اور ان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔آزاد کشمیر خصوصاً راولاکوٹ کے عوام کے لیے یہ ایک باعثِ فخر لمحہ ہے کہ ان کے علاقے سے تعلق رکھنے والا نوجوان عالمی سطح پر ایک اہم اور حساس موضوع پر تحقیق مکمل کر کے علمی دنیا میں اپنا مقام بنا رہا ہے۔
ممتاز سکالر ڈاکٹر عمیر پرویز نے پی ایچ ڈی مقالے کا کامیاب دفاع کیا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
0











