آزادکشمیر میں ڈراون اڑانے پر پابندی عائد

0

مظفراباد( دھرتی نیوز)آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پورے آزاد کشمیر میں ڈرون، کواڈ کاپٹر اور یو اے ویز کی بیرونی پرواز پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور تیس روز تک مؤثر رہے گا۔حکم نامے کے مطابق پاکستان کی مغربی سرحد پر افغانستان کی جانب سے فائرنگ اور اس کے نتیجے میں جوابی کارروائیوں کے باعث کشیدہ صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ مزید برآں یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ کواڈ کاپٹر اور بغیر پائلٹ طیاروں کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔محکمہ داخلہ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ڈرونز کی کسی بھی قسم کی سرگرمی (چاہے ریگولیٹڈ ہو یا غیر ریگولیٹڈ) عوام کی جان و مال، سرکاری عمارتوں، حساس تنصیبات اور امن و امان کے لیے براہ راست یا بالواسطہ خطرہ بن سکتی ہے۔ اسی تناظر میں وزارت داخلہ کی جانب سے بھی فوری پابندی کی ہدایت کی گئی تھی۔حکم نامے کے مطابق ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے پورے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تاہم ہالز یا مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی جبکہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ اس حکم نامے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے اور متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں