بلدیاتی نمائندوں کی دائر آئینی درخواست سماعت کے لیے منظور

0

مظفرآباد(دھرتی نیوز) آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ایکٹ 2025 کی بعض دفعات کے خلاف دائر آئینی درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے جواب دہندگان کو نوٹس جاری کر دیے ہیں، تاہم عدالت نے فوری عبوری حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔سردار جاوید شریف و دیگر کی جانب سے دائر رِٹ پٹیشن میں ایکٹ نمبر 2 آف 2025 کی دفعات 6، 7، 8 اور 22 کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ مذکورہ قانون 13 مئی 2025 کو غیر آئینی طور پر نافذ کیا گیا اور اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔جسٹس سردار محمد اعجاز خان نے فریقین کے ابتدائی دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ درخواست میں اٹھائے گئے قانونی نکات قابلِ غور ہیں، لہٰذا اسے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کیا جاتا ہے۔عدالت نے جواب دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ دو ہفتوں کے اندر تحریری جواب اور متعلقہ ریکارڈ عدالت میں جمع کروائیں۔ پروفارما جواب دہندگان کو سیکرٹری قانون ساز اسمبلی کے ذریعے طلب کیا جائے گا اور وہ بھی مقررہ مدت میں جواب داخل کریں گے۔عدالت نے واضح کیا کہ چونکہ مقدمے کی سماعت کا شیڈول طے ہو چکا ہے، اس لیے عبوری حکم امتناعی جاری نہیں کیا جا سکتا۔ کیس کی آئندہ سماعت 7 اپریل 2026 کو ہوگی جہاں فریقین تفصیلی دلائل دیں گے۔قانونی حلقوں کے مطابق اس مقدمے کا فیصلہ بلدیاتی نظام اور ترقیاتی پروگراموں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں