راولاکوٹ(دھرتی نیوز) انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک نے
راولاکوٹ کا دو دورہ کیا جہاں ریجنل آفس پہنچنے پر ڈی آئی جی ریجن راولاکوٹ جمیل احمد میر، چاروں اضلاع کے ایس پی صاحبان اور ڈی ایس پی صاحبان نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پولیس کو سلامی پیش کی۔
آئی جی پولیس نے ریجنل آفس میں پولیس افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور فوری ممکنہ حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں میں سرٹیفکیٹس اور نقدی انعامات بھی تقسیم کیے۔ بعد ازاں آئی جی پولیس اور دیگر افسران نے پولیس کانفرنس میں شریک جوانوں کے ساتھ افطاری بھی کی۔
اپنے خطاب میں آئی جی پولیس نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بحیثیت آئی جی پولیس ان کی تعیناتی کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانا اور پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس فورس کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں وہ ہر فورم پر اپنا کردار ادا کریں گے۔
دریں اثنا پولیس لائن راولاکوٹ میں مقامی صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ پولیس اصلاحات کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی ایک بڑا چیلنج ہے اور محدود وسائل کے باعث اسکاٹ لینڈ پولیس جیسی کارکردگی کا حصول فوری طور پر ممکن نہیں، تاہم جرائم پر قابو پانے اور امن و امان کے قیام کے لیے جدید نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام شہری کی انصاف تک رسائی کو آسان بنایا جا رہا ہے جبکہ حکومت نے بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ پولیس کو ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ گرفتار افغان باشندوں کے حوالے سے فیصلہ حکومت کی پالیسی کے مطابق کیا جائے گا۔
افطار ڈنر میں کمشنر پونچھ سردار وحید خان، ڈی آئی جی پونچھ جمیل احمد، دیگر پولیس افسران اور مقامی صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وسائل محدود، کارکردگی اسکاٹ لینڈ پولیس جیسی ممکن نہیں، آئی جی پولیس
0








