راولاکوٹ (دھرتی نیوز) راولاکوٹ کے نواحی علاقے دریک سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت اور محنتی طالبہ دانیہ جاوید نے بین الاقوامی سطح پر ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے امریکہ کی معروف جامعہ یونیورسٹی آف نیبراسکا-لنکن میں “Leader with a Dream in Action” کے باوقار اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ہر سال خواتین کی تاریخ کے مہینے (Women’s History Month) کے موقع پر اُن نمایاں طالبات کو دیا جاتا ہے جو اپنی قائدانہ صلاحیتوں، تعلیمی کارکردگی اور معاشرتی خدمات کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کرتی ہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق دانیہ جاوید کو یہ اعزاز اُن کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں، کیمپس کمیونٹی میں بھرپور شرکت، اور کالج آف ایجوکیشن اینڈ ہیومن سائنسز کے ساتھ ساتھ یو این ایل فلبرائٹ ایسوسی ایشن میں فعال کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔ انہوں نے اپنی محنت، لگن اور وژن کے ذریعے نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ سماجی سرگرمیوں میں بھی اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب “She Dared to Dream: Screening & Panel Discussion” نیبراسکا یونین کے سوانسن آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی،جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران دانیہ جاوید کو اسٹیج پر مدعو کر کے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور انہیں خصوصی تعریفی سند (commendation letter) اور تحفہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں ان کی کامیابی کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔تقریب کا سب سے جذباتی لمحہ اُس وقت دیکھنے میں آیا جب دانیہ جاوید نے یہ اعزاز اپنے مرحوم والد کے نام منسوب کر دیا۔ ان کے والد کا انتقال اس کامیابی سے محض 20 روز قبل ہوا تھا، جس کے باعث یہ لمحہ ان کے لیے نہایت جذباتی اور یادگار بن گیا۔ دانیہ جاوید کا کہنا تھا کہ اُن کے والد ہمیشہ اُن کے خوابوں کی تکمیل کے لیے حوصلہ افزائی کرتے رہے اور آج وہ جو کچھ بھی ہیں، اپنے والد کی دعاؤں اور تربیت کی بدولت ہیں۔
اہلِ علاقہ، اساتذہ اور سماجی حلقوں نے دانیہ جاوید کی اس شاندار کامیابی کو راولاکوٹ اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نوجوان نسل، خصوصاً طالبات کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دانیہ جاوید مستقبل میں بھی اسی طرح ملک و قوم کا نام روشن کرتی رہیں گی۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ دانیہ جاوید کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
راولاکوٹ کی طالبہ کا منفرد اعزاز
0












