راولاکوٹ (دھرتی نیوز)کل 14 اپریل کو دنیا بھر میں جہاں جہاں پہاڑی زبان بولی اور سمجھی جاتی ہے، وہاں عالمی پہاڑی زبان و ثقافت کا دن نہایت جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ اس حوالے سے کشمیر کے دونوں حصوں سمیت پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم پہاڑی زبان سے وابستہ افراد مختلف تقریبات، سیمینارز اور ثقافتی پروگرامز کا انعقاد کریں گے۔یہ دن پہاڑی زبان کی ترویج، تحفظ اور اس سے جڑی قدیم ثقافت، روایات اور شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ماہرین کے مطابق پہاڑی زبان نہ صرف خطے کی تاریخی وراثت ہے بلکہ اس کے ذریعے صدیوں پر محیط تہذیب، لوک داستانیں، شاعری اور رسم و رواج بھی زندہ ہیں۔راولاکوٹ میں اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوگی جس میں علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پہاڑی زبان کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیر حکومت برائے کشمیر کاز، آرٹس، لینگویجز اینڈ انوائرمنٹ نبیلہ ایوب ایڈووکیٹ ہوں گی، جو اس موقع پر خطاب بھی کریں گی۔تقریب میں دانشوروں، ادیبوں، شعراء، سماجی شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ مقررین پہاڑی زبان کو درپیش چیلنجز، اس کے فروغ کے امکانات اور نئی نسل میں اس کے شعور کو بیدار کرنے پر روشنی ڈالیں گے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو علاقائی زبانیں معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں، لہٰذا ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں، میڈیا اور حکومتی سطح پر پہاڑی زبان کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔عالمی پہاڑی زبان و ثقافت کا دن اس عزم کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی زبان، ثقافت اور شناخت کو محفوظ رکھیں گے اور آنے والی نسلوں تک منتقل کریں گے۔
14اپریل،پہاڑی زبان و کلچر کا عالمی دن منایا جائے گا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
0










