اتحادی جماعتوں کے29 اراکین اسمبلی کا وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار

0

مظفر آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور فارورڈ بلاک کے 29 اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں 29 اراکین نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق پر غیرمشروط اعتماد کا اظہار کیا۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور عزم کے ساتھ منانے کیلئے تیاریوں کی ہدایت کی ہے۔اس سلسلہ میں تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز اور ریاستی دارالحکومت کو پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے راستوں کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔اجلاس میں اس عزم اور یقین کا مکرر اظہار کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیرموجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں بیس کیمپ کی حکومت بنیادی کردار بحال کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ریاست میں تعمیر و ترقی کے کام میں تیزی لائی جائے گی اور جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا جس سے ریاست کے تمام لوگ مستفید ہوں گے۔تمام ترقیاتی فنڈز کی برابری کی بنیاد پر تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔نوجوان بچے بچیاں اور ہنر مند افراد، ریاست کے اندر اور مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقہ جات میں ایک ارب روپے کے بلا سود قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ اجلاس میں پارلیمانی پارٹی نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اجلاس میں بھارت کی جانب سے ممکنہ چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ماحولیات کو بہتر بنانے اور ریاست میں ماحولیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور آئندہ آنے والے چیلنجز سے نمپنٹے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں صحت کارڈ کے اجراء کیلئے جامع اور مفصل پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ فوری طور پر صحت کارڈ کے اجراء کو یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس میں شیلٹر لیس سکولز اور شیلٹر لیس صحت کے Cost Effective انفراسٹرکچر کی تعمیرات کیلئے کابینہ کمیٹی کی تشکیل اور سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔علاوہ ازیں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990 میں ترامیم کے حوالہ سے قائم کابینہ کی کمیٹی کو فوری طور پر سفارشات کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں پارلیمانی پارٹی نے بلدیاتی ادارہ جات کو ایک ارب روپے کی خطیر رقم کی اجرائیگی کا فیصلہ کیا گیا۔آمدہ موسم گرما میں محکمہ برقیات کے حوالے سے درپیش ممکنہ چیلنجز سے نمپٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کی ہدایت کی ہے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت کی ترجیح تحریک آزادی کشمیر اور آزادکشمیر کے عوام کی فلاح کے لیے کے لیے اقدمات اٹھانا ہے۔ موجودہ حکومت نے رٹھوعہ ہریام، جا گراں پاور پروجیکٹس پر کام شروع کروایا۔ ای ٹینڈرنگ اور آکشن سے بچت کو فروغ دیا، ٹیکس نیٹ کو بڑھایا گیا ہے، سستا آٹا اور بجلی پر سبسڈی کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ موجودہ اتحادی حکومت نے بھارت کے انتشار پر مبنی پروپیگنڈہ کو شکست دے دی ہے۔ حکومت نے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ اختیار مالک کی دین ہے، اختیار کو مالک کی امانت سمجھ کر استعمال کرتا رہوں گا۔ اجلاس میں پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی کیا اور خطے میں عوامی فلاح کے لیے بھرپور اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں