بھارت باغ ، کوٹلی اور راولاکوٹ میں ہتھیار سمگل کررہا ہے،حکومت آزادکشمیر

0

مظفرآباد( پی آئی ڈی آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے موسٹ سینئر وزیر ووزیرداخلہ کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے کہا ہے کہ بھارت آزادکشمیر کےعلاقوں پونچھ ، باغ ، کوٹلی اور راولاکوٹ کے علاقوں میں آئی ای ڈیز اور ہتھیار سمگل کررہا ہے تاکہ لائن آف کنٹرول کے اس پار سول آباد کو نشانہ بنایا جا سکے اور عوام کے حوصلے پست کیے جا سکیں ۔ ان واقعات کے بارے میں پاکستان نے یو این آفیشلز کو ثبوت فراہم کردیے ہیں ۔ کل ہی بھارت نے دیوا اور باغسر سیکٹر میں سویلین میں خوف حراس پھیلانے کے لیے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ۔ کراس فائرنگ میں پاک فوج کے دو جوان بھی زخمی ہوئے ۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلااشتعال کارروائیوں نے علاقے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔ بھارتی فوج ایسی مکار چالیں چلنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے لیکن اسے پاک فوج سے منہ کی کھانی پڑ رہی ہے ۔ لائن آف کنٹرول پر آزادجموں وکشمیر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کیلئے بھارت نے ہمیشہ کوششیں کی ہیں ۔بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں لائن آف کنٹرل کی سول پاپولیشن پر بلااشتعال فائرنگ کے ساتھ آئی ای ڈیز کا بے دریغ استعمال بھی جاری ہے ۔ 2016 سے بھارتی فوج کا آئی ڈیز لگانے کا رحجان بڑھتا چلا جارہا ہے ۔ اب تک 54 آئی ای ڈیز کے واقعات لائن آف کنٹرول کے اس پار رپورٹ ہوئے ہیں جن میں چکوٹھی ، نیزا پیر ، چیڑی کوٹ ، رکھ چکڑی دیوا، بٹل اور کوٹ کوٹیرہ سرفہرست ہیں ان واقعات میں متعدد بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیاع ہوا ہے ۔ حال ہی میں شواہد کے مطابق باغ ، بٹل اور دیوا، سیالکوٹ کی ورکنگ بائونڈری کے راستے سرح کے اس پار سے آئی ای ڈی بارودی مواد اور منشیات وغیرہ سمگل کی گئی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی ڈی کمپلیکس میں چیف سیکرٹری محمد خوشحال خان ، انسپکٹرجنرل پولیس رانا عبدالجبار اور سیکرٹری اطلاعات سردارعدنان خورشید کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے کہاکہ چھ سے چار فروری2025 کے دوران بٹل سیکٹر اور راولاکوٹ کے علاقے میں آئی ای ڈیز برآمد ہوئیں جب ایک دھماکے میں ایک شہری بھی شہید ہوا ۔کرنل ریٹارڈ وقار احمد نور نے کہاکہ بھارتی فوج نے ہمیشہ یکطرفہ بیانیہ بنا کر فالز فلیگ آپریشن کر کے پاک فوج پر علاقائی امن خراب کرنے کا الزام لگایا حالانکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں ۔ اس کی حالیہ مثال بٹل سیکٹر میں آئی ای ڈیز کا واقعہ ہے جو سب کے سامنے عیاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کی کئی یونٹس اور آفیسرز منشیات کے غیر قانونی نقل و حرکت میں ملوث پائے گئے اور انہیں سزائیں بھی ہوئی ہیں ۔ ان کاطریقہ کار کچھ اس طرح ہے کہ یہ آغاز میں اپنے ایجنٹس کو استعمال کرتے ہوئے کم تعداد میں منشیات سمگل کی جاتی ہیں بعد ازاں بڑی کنسائنمنٹ کا آرڈردیاجاتاہے جسے آئی ای ڈیز سے ٹارگٹ کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کے سپاہی اپنے ہی ایجنٹس کے ذریعےہتھیار سمگل کرواتےہیں پھر ان ہتھیاروں کو فیک ریکوری آپریشن کے ذریعے میڈیا میں دکھایاجاتا ہے اور بعد ازاں انہی ایجنٹس کی ٹارگٹ کلنگ کر کے اپنی کامیابی کے جھوٹے جوہر دکھائے جاتے ہیں تاکہ فوج میں اعزازت اور تقرریاں حاصل کی جاسکیں ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ نومبر 2022 میں مقبوضہ کشمیر میں پنچ تاراں لائن آف کنٹرول سے 1.6 کلو میٹر کے دور کے ایک گاوں میں بھارتی فوجی کسی گھر کے قریب ہتھیار چھپانے کی ویڈیو منظر عام پر آئی جس کی بدولت بھارتی فیک ریکوری آپریشن کا منصوبہ ناکام ہوا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج اپنے ہی علاقوں میں مظلوم نہتےشہریوں پر فیک انکاونٹر کر کے کاونٹر ٹیریرازم کا بیانیہ بناتی ہےا ور پاکستان پر ٹیررازم پھیلانے کا جھوٹا الزام لگایاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 16 فروری 2023 کو بھارتی انٹیلی جینٹس ایجنسیو ں نے کپواڑہ کے علاقے میں یوسف عمر نامی شخص کے ذریعے آزادجموں وکشمیر کے تین لوگوں کو منشیات اور ہتھیار سمگلنگ کے لیے آمادہ کیا اور ساتھ ہی کارروائی کے دوران ان لڑکوں کو لائن آف کنٹرول پر انگیج کیا جس میں ایک شخص مارا گیا اور دو فرار ہوگئے اور ساتھ ہی اس واقعے کے فورا بعد بھارتی فوج نے پاکستان پر سٹیٹ سپانسرڈ ٹیرراز م کا جھوٹا الزام میڈیا کے ذریعے پھیلایا۔ بھارتی فوج میں خودکشی کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں جس کی خاص وجوہات کچھ یوںہیں کہ مورال کا فقدان ، بھارتی فوج کے عوام پر بڑھتے ہوئے مظالم ، بھارتی آفیسرز کا اپنے جوانوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج ان خودکشی کے واقعات کو چھپانے کے لیے کبھی فریڈم فائیٹرز کے ساتھ کسی جھڑ پ میں یا کراس بارڈر فائرنگ میں ان جوانوں کے مارے جانے کا جھوٹا دعویٰ کرتی ہے تاکہ اسکا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں نہ ہوسکے ۔ بھارت کی جانب سے اآزادجموں وکشمیر میں بدامنی پیدا کر کے عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں پاکستان کو اشتعال دلانے اور کشمیریوں کو حراساں کرنے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج جعلی مقابلوں سے پاکستان پر در اندازی کے بے بنیاد الزامات کے ذریعے اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے ۔ مودی کے دورہ امریکہ سے قبل بھارت سازشیں کررہا ہے تاکہ پاکستان کوعالمی سطح پر دہشتگردی کی حمایت کرنے والا ثابت کر سکے ۔ بھارت کے کنیڈ ا ، امریکہ ، برطانیہ اور آسٹریلیا میں بھی خفیہ سرگرمیوں کے ذریعے تخریبی سرگرمیوں کے شواہد ملے ہیں ۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے کنیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کا قتل اور امریکہ میں گروپتونت سنگھ کے قتل کی سازشیں اس سلسلے کی کڑی ہے ۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ بھارت کو ادارک ہونا چاہیے کہ ایسی سرگرمیاں بحران کو بڑھا سکتی ہیں جس سے علاقائی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔ بھارت کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ پاکستان بھی اسی انداز میں جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔وزیر داخلہ نے کہاکہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے اور اس کی تمام حرکات دہشتگردی پرہی مرکوز ہیں۔ بھارت آئی ای ڈیز کا بے دریغ استعمال کر کے علاقے میں خوف و حراس پھیلا رہا ہے۔ جبکہ ان آئی ڈیز کا شکار معصوم شہری ہیں اور ہمارے بھائی ہیں۔بھارتی فوج اپنی ہی لگائی گئی آئی ڈیز کا شکا ر ہوتی ہے اور الزام پاکستان پر لگایا جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہی ہے اوراس بات کا اثر بھارتی فوج پر پڑ رہا ہے ۔ آئے روز بھارتی فوجیوں میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات بھی سب کے سامنے ہیں ۔ حالیہ اندازے کے مطا بق یہ شرح 17 فیصد ہے۔ جبکہ پچھلے سالوں میں 800 سے زائد بھارتی فوجی آفیسرز اور جوانوں نے خود کشی کی۔ یہ واضح ثبوت ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی بھارتی فوج کے اعصاب پر سوار ہے۔ کشمیریوں کا مقصد آزادی ہے اور پاکستان کے ساتھ الحاق ہے۔ انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل کی 47 ویں قرارداد کے مطابق استصواب رائے کا ہونا ضروری ہے اور ہمیں یقین ہے کہ کل کی طرح آج بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام صرف پاکستا ن کے ساتھ الحاق کریں گے۔اقوام عالم کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ علاقے کی سلامتی کے لئے کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی خواہش کے مطابق ہونا ضروری ہے جو کہ در اصل الحاق پاکستان ہے۔##

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں