مظفرآباد(پی آئی ڈی)وزیر برائے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی نے کہا ہے کہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر نے قومی نصاب 23-2022 کے مطابق پرائمری سے گیارہویں تک تدریسی کتب تیار کر دی ہیں،تدریسی کتابوں کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد کمی کی گئی ہے، نئی کتب کو جدید معیار کے مطابق تیار کرتے ہوئے انکا بوجھ بھی پہلے سے پچاس فیصد کم کیا گیا ہے تاکہ بچوں کو بھاری بھرکم بیگز اٹھانے سے نجات ملے۔ آزادجموں وکشمیر ٹیکسٹ بک بورڈ پاکستان بھر میں پہلا ٹیکسٹ بک بورڈ نے جس نے یہ اقدام اٹھایا۔اسلامک ریلیف کے تعاون سے آوٹ آف سکول چلڈرن کے منصوبے لوازمات مکمل کر لیے ہیں جس کے تحت آزادکشمیر کے 2 لاکھ سے زائد بچوں کو سکولوں میں لایا جائے گا، پہلے مرحلے میں 40 ہزارسکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی عنائت علی اور چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ آزادجموں وکشمیر طفیل بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس اور محمد بشیر مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی نے کہاکہ قومی نصاب پالیسی کے مطابق نئی تدریسی کتب کی تیاری میں ماہرین تعلیم اور پی ایچ ڈی ڈاکٹرز کی بھی خدمات لی گئی ہیں۔ بچوں کے بوجھ کو مزید کم کرنے کیلئے ہر کتاب کی الگ نوٹ بک کے بجائے ایک رجسٹر لاگو کرنے جارہے ہیں اس حوالے میڈیا تعاون کرے۔ اگر کہیں پرانے نصاب کی کتب فروخت کی گئیں تو کارروائی ہوگی۔ آزادکشمیر کے سکولوں میں صرف وہی کتب پڑھائی جا سکتی ہیں جن کی ٹیکسٹ بک بورڈ نے این او سی دی ہو۔ انہوں نے کہاکہ قاعدہ کی درسی کتب کا سیٹ پہلے 1126 روپے کا تھا جو اب صرف 480 روپے کا ہوگیا ہے اس کی قیمت میں 57 فیصد کمی کی گئی ہے اسی طرح باقی جماعتوں کی کتب کی قیمتوں میں بھی نصف کمی کی گئی ہے۔
دو لاکھ بچوں کوسرکاری اسکولوں میں لانے کا ٹارگٹ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
