عباسپور(دھرتی نیوز)عباسپور کے علاقے کھلی درمن میں زیرِ تعمیر ایک سڑک کی حفاظتی دیوار حالیہ بارشوں اور برفباری کے باعث منہدم ہو گئی جس کے بعد معاملہ مقامی سطح پر تنازع کی صورت اختیار کر گیا۔ مذکورہ منصوبہ معروف کنٹریکٹر جمیل عالم کی کمپنی کے زیرِ نگرانی تعمیر ہو رہا ہے جو کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری بھی ہیں۔واقعے کے بعد بعض مقامی افراد اور بیرونِ ملک مقیم چند سوشل میڈیا صارفین جن میں محمد نعمان، محمد کفیل اور محمد ارسلان سجاول شامل ہیں نے مبینہ طور پر فیک آئی ڈیز کے ذریعے کنٹریکٹر جمیل عالم اور ان کے خاندان کے خلاف مہم چلائی اور سخت زبان استعمال کی۔ جمیل عالم کی درخواست پر مقامی تھانہ عباسپور میں نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر 489 (وائی)اور 505(02) دفعات کے تحت درج کی گئی ہے، جو بالترتیب آن لائن ہراسانی/بدنامی اور عوامی اشتعال یا افواہ پھیلانے سے متعلق جرائم سے متعلق ہیں۔کنٹریکٹر جمیل عالم کا مؤقف ہے کہ دیوار کو نقصان غیر معمولی بارش اور برفباری کے باعث پہنچا جبکہ سڑک تاحال زیرِ تعمیر ہے۔ ان کے مطابق قواعد کے تحت منصوبے کی تکمیل کے بعد دو سال تک مینٹیننس کی ذمہ داری کنٹریکٹر پر عائد ہوتی ہے۔ مزید برآں محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے پاس 10 فیصد سی ڈی آر بطور گارنٹی جمع ہوتی ہے، جس کا مقصد کسی بھی تکنیکی نقص یا خرابی کی صورت میں ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت ازالہ کرنا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قانونی اور تکنیکی معاملات کو سوشل میڈیا پر غلط انداز میں پیش کر کے ان کی ساکھ متاثر کی جا رہی ہے۔ادھر اطلاعات ہیں کہ مقامی ایکشن کمیٹیاں اور بعض سیاسی جماعتیں ایف آئی آر واپس لینے کے لیے یا اسے ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہیں۔ تاہم کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ سردار ظہیر جنت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر مقدمہ واپس لیا گیا یا نامزد ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
عباسپور،سوشل میڈیا پر کردار کشی، تین افراد کے خلاف ایف آئی آر درج
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
0











