مظفرآباد(دھرتی نیوز) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن حکومت آزاد جموں و کشمیر محترمہ تہذیب النساء نے کہا کہ نے ویمن چیمبر کی قیادت کو آزاد جموں و کشمیر میں خواتین کاروباری شخصیات کی نمائندگی کرنے والے پہلے ادارہ جاتی پلیٹ فارم کے قیام پر سراہا اور خواتین کی قیادت میں کاروبار کو منظم اور فروغ دینے میں ان کے فعال کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔محکمہ ہائیر ایجوکیشن اورویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر کی قیادت کے درمیان ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر میں خواتین کی کاروباری صلاحیتوں اور معاشی شمولیت کو مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ویمن چیمبر کے وفد میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین مس ماریا گیلانی، مس خضراء منظور، مس مومنہ بتول، مس طیبہ بخاری، مس امبر قیوم، اور مسٹر محمد زاہد خان، (سیکرٹری ویمن چیمبر آزاد کشمیر) شامل تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ تہذیب النساء نے کہا کہ وویمن چیمبر کا قیام خطے کے لیے ایک خوش آئند اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے جو مزید خواتین کو کاروبار اور صنعت میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دے گی۔انہوں کہا کہ“تعلیم یافتہ خواتین میں آزاد جموں و کشمیر کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو کاروباری پلیٹ فارمز کے ساتھ جوڑ کر ہم نوجوان خواتین کے لیے ایسے پائیدار مواقع پیدا کر سکتے ہیں جن کے ذریعے وہ اپنے تخلیقی خیالات کو کامیاب کاروباری منصوبوں میں تبدیل کر سکیں۔”دونوں فریقین نے کالجوں اور جامعات سے فارغ التحصیل تعلیم یافتہ خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں معاشی ترقی اور سماجی پیش رفت کا ایک اہم محرک قرار دیا۔اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے کالجوں اور جامعات میں جامع آگاہی مہمات شروع کی جائیں گی تاکہ طالبات اور فارغ التحصیل خواتین میں کاروباری رجحان کو فروغ دیا جا سکے۔ ان اقدامات میں تربیتی ورکشاپس، مہارتوں کی ترقی کے پروگرامز، سیمینارز اور کانفرنسز شامل ہوں گی جن کا مقصد تخلیقی خیالات کی حوصلہ افزائی اور کامیاب اسٹارٹ اپ اور انکیوبیشن ماڈلز کی تشکیل ہے۔شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ایک اسٹریٹجک ایکشن پلان تیار کیا جائے گا جس کا مقصد خواتین کو جدید مہارتوں اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل کاروبار، ای کامرس اور آن لائن آمدنی کے مواقع تلاش کر سکیں۔یہ اقدامات اقوامِ متحدہ کے عالمی مقاصد پائیدار ترقی کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے، خصوصاً وہ اہداف جو صنفی مساوات، معیاری تعلیم اور جامع معاشی ترقی سے متعلق ہیں۔اس موقع پر ویمن چیمبر کے نمائندوں نے محترمہ تہذیب النساء کی بصیرت افروز قیادت اور تعلیم و ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کوسراہا۔مس ماریا گیلانی، جو ویمن چیمبر کے بورڈ آف گورنرز کی نمائندگی کر رہی تھیں، نے کہا کہ“ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر خواتین کاروباری شخصیات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے ساتھ تعاون کے ذریعے ہم تعلیم یافتہ خواتین کی بے پناہ صلاحیتوں کو متحرک کرنا چاہتے ہیں اور انہیں پائیدار کاروبار اور جدت کی جانب رہنمائی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔”اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کے محکمہ اور کاروباری برادری بالخصوص ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ آزاد جموں و کشمیر میں خواتین معاشی ترقی اور جدت میں زیادہ فعال کردار ادا کر سکیں۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن اور وویمن چیمبر کے مابین ادارہ جاتی ہم آہنگی پر اتفاق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
0








