مظفرآباد(صباح نیوز) سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ایس ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق 6 جنوری تک بارش اور برفباری متوقع ہے، مظفرآباد، وادی نیلم، جہلم ویلی، باغ، راولاکوٹ اور حویلی کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق اسی دوران میدانی علاقوں میں بارشیں بھی متوقع ہیں، بالائی علاقوں میں برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کا خدشہ ہے۔ایس ڈی ایم اے کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاح بارشوں اور برفباری بلند پہاڑی علاقوں کے سفر سے اجتناب برتیں۔آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ڈویژن مظفرآباد سمیت بالائی مقامات غیر معمولی سردی کی لپیٹ میں ہیں۔سردی نے رنگ جما رکھا ہے۔شدید برفباری کی وجہ سے وادی کاغان و دیگر سیاحتی مقامات کے راستے جزوی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔مظفرآباد و قرب و جوار میں کبھی ہلکی اور کئی مقامات پر تیز بارش سے موسم کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے۔ وادی نیلم،لیپہ سمیت پیر چناسی کے پہاڑوں پر رات سے برفباری نے رنگ جمانا شروع کر دیا ہے۔وادی نیلم، گریس، ہلمت، تاؤبٹ میں رواں سال کی پہلی برفباری کے بعد ایک بار پھر برف باری جاری ہے۔ گلیشیئر پھٹنے کے خطرے بارے بھی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ بالائی علاقوں سمیت آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور قرب و جوار کے پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی ایک بار پھر گراں فروشوں نے بھی آستینیں چڑھا لی ہیں۔ جلائے جانے والی لکڑی سمیت کوئلہ، مٹی کے تیل کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو شدید اذیت کا شکار کر رکھا ہے۔ اس وقت بازار میں مٹی کا تیل ساڑھے تین سو روپے لیٹر جب کے جلائے جانے والی لکڑی 1500 روپے من فروخت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے اننت مچا رکھی ہے۔ جس کی وجہ سے عوام الناس کا پارہ ہو چکا ہے۔ دوسری جانب ایل پی جی ناپید یا پھر بلیک میں فروخت کی جا رہی ہے۔گیس سنٹر مالکان کی جانب سے ایل پی جی گھریلو سلنڈر 3600 سے 4 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، عوامی، علمی، ادبی حلقوں کے اکابرین اور سول سوسائٹی نے کہا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے گراں فروشوں کو لگام ڈالنے کے لیے کردار ادا کریں۔
آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان،الرٹ جاری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
0