بجٹ سے قبل ہڑتالوں کا کلچر۔۔مستقل حل کی ضرورت

0

جون کا مہینہ آتے ہی ملک بھر میں نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کا آغاز ہو جاتا ہے۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب حکومتیں اپنی مالی ترجیحات طے کرتی ہیں، ترقیاتی منصوبوں کا خاکہ بناتی ہیں اور سرکاری اخراجات کا تعین کرتی ہیں۔ مگر بدقسمتی سے اسی عرصے میں ایک اور روایت بھی شدت اختیار کر لیتی ہے،سرکاری ملازمین کی جانب سے مطالبات کے حق میں ہڑتالیں اور احتجاج شروع ہو جاتے ہیں۔
ہر سال بجٹ سے قبل مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین اپنے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر آ تے ہیں۔ ایڈہاک یا عارضی ملازمیں کی مستقلی،تنخواہوں میں اضافہ، الاونسز، سروس اسٹرکچر، پروموشن اور دیگر مراعات ایسے بنیادی مطالبات ہوتے ہیں جو برسوں سے حل طلب چلے آ رہے ہیں۔ ان ہڑتالوں کے باعث نہ صرف دفتری امور تعطل کا شکار ہوتے ہیں بلکہ ترقیاتی منصوبے بھی متاثر ہوتے ہیں، جس کا براہ راست نقصان عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔
یہ صورتحال حکومت کے لیے بھی نیک شگون نہیں۔ ایک طرف انتظامی کمزوری کا تاثر ابھرتا ہے، دوسری طرف ریاستی مشینری کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے ہیں۔ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو عوام کا اعتماد بھی متزلزل ہو سکتا ہے، جو کسی بھی حکومت کے لیے نقصان دہ ہے۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ ملازمین کے مسائل کو وقتی بنیادوں پر دیکھا جاتا ہے۔ ہر سال بجٹ سے پہلے مذاکرات، یقین دہانیاں اور جزوی اقدامات کیے جاتے ہیں، مگر ایک جامع اور مستقل حل کی جانب پیش رفت نہیں ہوتی۔ نتیجتاً یہ مسئلہ ایک چکر کی صورت اختیار کر چکا ہے، جو ہر سال دہرایا جاتا ہے۔
وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے۔ ضروری ہے کہ تمام سرکاری ملازمین کے مسائل کا ایک جامع اور غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے۔ جو مطالبات حقیقتاً جائز ہیں، انہیں فوری طور پر حل کیا جائے، جبکہ جن مطالبات کو پورا کرنا ممکن نہیں، ان کے بارے میں واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا جائے۔ غیر یقینی صورتحال ہی بے چینی اور احتجاج کو جنم دیتی ہے۔
اگر حکومت واضح پالیسی کے تحت فیصلہ کرے تو ملازمین کو بھی اپنی سمت کا تعین کرنے میں آسانی ہوگی۔ وہ یا تو مطمئن ہو کر یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے یا پھر اپنے لیے متبادل راستے تلاش کریں گے۔ اس طرح نہ صرف اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ حکومتی ساکھ بھی مضبوط ہوگی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ وقتی دباؤ سے نکل کر ایک مستقل اور پائیدار حل تلاش کیا جائے، تاکہ ہر سال بجٹ سے قبل ہڑتالوں کا یہ سلسلہ ختم ہو اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں