راولاکوٹ،قتل یا خودکشی،نوجوان گولی لگے سے جاں بحق

0

راولاکوٹ (دھرتی نیوز)راولاکوٹ کے علاقے پوٹھی بالا میں ایک افسوسناک واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات پیش آیا جہاں تقریباً 20 سالہ نوجوان احمد خاور گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے،پولیس مصروف تفتیش ہے۔یہ واقعہ ان کے گھر کے قریب پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق احمد خاور کو سر میں بائیں جانب پستول کی گولی لگی جو ان کی موت کا سبب بنی۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔بعد ازاں اس کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیاگیا۔ مرحوم احمد خاور کے والد، خاور سپلائی بازار میں میڈیکل سٹور چلاتے ہیں۔احمد خاور پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او راولاکوٹ اور ڈی ایس پی اکمل شریف جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی نوعیت کے حوالے سے فی الحال کچھ حتمی کہنا قبل از وقت ہے۔ تحقیقات کے مختلف پہلووں پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہے یا قتل کا واقعہ ہے۔علاقہ مکینوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد حقائق سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں