پونچھ میں حالیہ پولیو ویکسین مہم کی سو فیصد کامیابی نہ صرف ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی بہترین حکمتِ عملی کا مظہر ہے بلکہ یہ اس امر کی بھی واضح دلیل ہے کہ اگر سنجیدگی، تسلسل اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تو بڑے سے بڑا ہدف بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ماضی میں یہی دیکھنے میں آیا کہ کچھ خاندان مختلف خدشات، غلط فہمیوں یا عدم آگاہی کے باعث اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے گریز کرتے تھے، جس سے نہ صرف بچوں کی صحت کو خطرات لاحق رہتے بلکہ پورے علاقے میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کا اندیشہ بھی برقرار رہتا تھا۔ یہی وہ خلا تھا جسے پُر کرنے کی اشد ضرورت تھی۔
خوش آئند امر یہ ہے کہ اس مرتبہ ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ ممتاز کاظمی کی جانب سے نہ صرف مؤثر منصوبہ بندی کی گئی بلکہ روزانہ کی بنیاد پر مہم کی نگرانی کو بھی یقینی بنایا گیا۔ اس مسلسل مانیٹرنگ نے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنایا اور ہر گھر تک رسائی ممکن بنائی۔ نتیجتاً وہ خاندان بھی قائل ہوئے جو پہلے ہچکچاہٹ کا شکار تھے۔
یہ کامیابی ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت کے ذمہ داران اور فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے، جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دیے۔ ان کی محنت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوامی صحت جیسے حساس معاملے میں مربوط کوششیں ہی کامیابی کی ضمانت بنتی ہیں۔
تاہم اس کامیابی کو برقرار رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا اسے حاصل کرنا تھا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آگاہی مہمات کو جاری رکھا جائے، والدین کے خدشات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور آئندہ بھی اسی جذبے اور نظم و ضبط کے ساتھ پولیو کے خلاف جنگ کو جاری رکھا جائے۔
اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو وہ دن دور نہیں جب پونچھ سمیت پورا خطہ پولیو جیسے موذی مرض سے ہمیشہ کے لیے پاک ہو جائے گا۔
پونچھ میں حالیہ پولیو ویکسین مہم کی سو فیصد کامیابی
0






